حیدرآباد میں غیر معیاری اور ملاوٹ شدہ خوراک کے خلاف خصوصی مہم، دو فاسٹ فوڈ مراکز پر کارروائی، تین افراد گرفتار

حیدرآباد میں غیر معیاری اور ملاوٹ شدہ خوراک کے خلاف خصوصی مہم، دو فاسٹ فوڈ مراکز پر کارروائی، تین افراد گرفتار

حیدرآباد۔19/جولائی(تلنگانہ وائس)حیدرآباد فوڈ ایڈلٹریشن سرویلنس ٹیم (H-FAST) نے کمشنر ٹاسک فورس کی نگرانی میں 17 جولائی 2026 کو چندرائن گٹہ کے فاسٹ فوڈ مراکز پر خصوصی مہم چلائی۔ اس کارروائی کا مقصد ملاوٹ شدہ خوراک کی روک تھام، فوڈ سیفٹی قوانین پر عمل درآمد اور عوامی صحت کا تحفظ تھا۔ کارروائی فوڈ سیفٹی آفیسر، جی ایچ ایم سی کے اشتراک سے انجام دی گئی۔

مہم کے دوران المدینہ چائنیز فاسٹ فوڈ سینٹر اور عمر چائنیز فاسٹ فوڈ سینٹر کا معائنہ کیا گیا۔ دونوں مراکز میں سنگین غذائی ضابطہ خلاف ورزیاں سامنے آنے پر دو مقدمات درج کیے گئے جبکہ تین افراد کو گرفتار کیا گیا۔ گرفتار افراد اور ضبط شدہ سامان کو مزید قانونی کارروائی کے لیے چندرائن گٹہ پولیس اسٹیشن کے حوالے کر دیا گیا۔

Advertising

معائنے کے دوران یہ انکشاف ہوا کہ خوراک انتہائی غیر صحت بخش ماحول میں تیار کی جا رہی تھی، بار بار استعمال شدہ کوکنگ آئل اور مصنوعی رنگ استعمال کیے جا رہے تھے، پیسٹ کنٹرول ریکارڈ اور پانی کے تجزیے کے سرٹیفکیٹس موجود نہیں تھے، جبکہ صفائی اور فوڈ ہینڈلنگ کے بنیادی اصولوں کی بھی خلاف ورزی کی جا رہی تھی۔

Advertising

کارروائی کے دوران تقریباً 20 لیٹر استعمال شدہ کوکنگ آئل، 10 لیٹر تازہ تیل، 40 کلو گرام فرائیڈ چکن، 40 کلو گرام مصنوعی رنگ ملا کچا چکن، نیز 3 ڈبے اور 6 پیکٹ مصنوعی فوڈ کلرز ضبط کیے گئے۔

Advertising

یہ خصوصی مہم انسپکٹرز این رنجیت کمار گوڑ اور ایم انجیاہ کی قیادت میں، سب انسپکٹر وی شنکر، H-FAST ٹیم اور فوڈ سیفٹی آفیسر آر دیواندھی کی موجودگی میں انجام دی گئی۔

حیدرآباد پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ غیر معیاری یا بغیر لائسنس والے ہوٹلوں اور فاسٹ فوڈ مراکز سے کھانے سے گریز کریں۔ شہری خریداری سے قبل FSSAI لائسنس، تیاری و معیاد ختم ہونے کی تاریخ اور مناسب لیبلنگ ضرور چیک کریں۔ خوراک میں ملاوٹ یا غیر صحت بخش سرگرمیوں کی اطلاع H-FAST کے ٹول فری نمبر 8712661212 پر دی جا سکتی ہے۔