حیڈرا کی بڑی کارروائی، ایک ہی دن میں 840 ایکڑ سرکاری اراضی محفوظ
حیدرآباد۔19/جولائی(تلنگانہ وائس) حیڈرا (HYDRAA) نے ہفتہ کے روز حیدرآباد، رنگاریڈی اور میڑچل-ملکاجگری اضلاع میں بڑے پیمانے پر کارروائیاں کرتے ہوئے مجموعی طور پر 840 ایکڑ سرکاری اراضی کو قبضہ مافیا سے محفوظ بنا لیا۔ ان اراضی کی تخمینی مالیت 30 ہزار کروڑ روپے سے زائد بتائی جا رہی ہے۔

ریونیو حکام اور بھاری پولیس بندوبست کے ساتھ مختلف مقامات پر فینسنگ کر کے زمینوں کو سرکاری تحویل میں لے لیا گیا۔
Advertising

سب سے بڑی کارروائی شمس آباد منڈل کے بہادر گوڑہ میں ہوئی، جہاں سروے نمبر 25 اور 26 کی 650 ایکڑ سرکاری اراضی کو محفوظ بنایا گیا۔ اسی طرح رائدرگم میں 84 ایکڑ اور سکندرآباد کینٹونمنٹ کے جنرل لینڈ رجسٹر (GLR) نمبر 243 اور 255 میں واقع 106 ایکڑ سرکاری زمین پر بھی حیدرا نے فینسنگ کر دی۔
Advertising

حکام کے مطابق بعض افراد جعلی دستاویزات اور غلط سروے نمبروں کے ذریعے سرکاری اراضی پر قبضے کی کوشش کر رہے تھے، جنہیں بروقت ناکام بنا دیا گیا۔ رائدرگم کے آئی ٹی کاریڈور میں واقع قیمتی زمین پر بھی غیر قانونی رجسٹریشن کے ذریعے قبضہ کرنے کی کوشش کی گئی تھی، جسے حیدرا نے روک دیا۔
Advertising

کینٹونمنٹ علاقے میں مبینہ طور پر غیر قانونی لے آؤٹ تیار کرنے، پہاڑیوں کو نقصان پہنچانے اور جنگلی حیات کے مسکن کو متاثر کرنے کی شکایات پر بھی کارروائی کی گئی۔ مقامی شہریوں نے اس اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے حیڈرا کے حق میں ریلیاں نکالیں اور حکومت کے حق میں نعرے لگائے۔
Advertising

بہادر گوڑہ میں 1954 کے سرکاری ریکارڈ کے مطابق 650 ایکڑ اراضی حکومت کی ملکیت ہے۔ ماضی میں اس زمین کو باقاعدہ کرنے کی تجاویز حکومت نے مسترد کر دی تھیں۔ حیدرا نے موجودہ قابضین کو ہٹا کر پوری زمین کے اطراف فینسنگ کر دی تاکہ مستقبل میں دوبارہ قبضے کی کوشش نہ ہو سکے۔
Advertising


