راہول گاندھی کی گرفتاری کے خلاف عادل آباد میں کانگریس کا زبردست احتجاج

راہول گاندھی کی گرفتاری کے خلاف عادل آباد میں کانگریس کا زبردست احتجاج

عادل آباد۔22/جولائی(تلنگانہ وائس)

لوک سبھا میں قائدِ حزبِ اختلاف راہول گاندھی کی گرفتاری کے خلاف عادل آباد ضلع کانگریس کمیٹی کے صدر ڈاکٹر نریش جادھو کی ہدایت پر ٹاؤن کانگریس کمیٹی کے زیر اہتمام و ٹاؤن کانگریس صدر خضر پاشاہ کی نگرانی میں عادل آباد میں زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ کانگریس قائدین نے بی جے پی حکومت پر جمہوری اقدار کو پامال کرنے اور طلبہ کی آواز دبانے کا الزام عائد کیا۔

کانگریس پارٹی دفتر سے شروع ہونے والی احتجاجی ریلی شہر کے مختلف علاقوں سے ہوتی ہوئی عادل آباد بس اسٹانڈ پر واقع ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کے مجسمہ تک پہنچی، جہاں قائدین اور کارکنوں نے مرکزی حکومت کی پالیسیوں کے خلاف احتجاج درج کراتے ہوئے یادداشت پیش کی۔

اس موقع پر مقررین نے کہا کہ گزشتہ کئی دنوں سے ملک بھر میں طلبہ نیٹ (NEET) امتحان کے مبینہ پیپر لیک معاملہ پر احتجاج کر رہے ہیں اور مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفیٰ کا مطالبہ کر رہے ہیں، مگر حکومت طلبہ کے مطالبات تسلیم کرنے کے بجائے لاٹھی چارج، آنسو گیس اور گرفتاریوں جیسے اقدامات کر رہی ہے، جو قابل مذمت ہیں۔

Advertising

کانگریس قائدین نے کہا کہ طلبہ کے احتجاج کی حمایت میں راہول گاندھی، کانگریس صدر ملکارجن کھرگے اور دیگر ارکان پارلیمنٹ پرامن احتجاج کر رہے تھے، لیکن راہول گاندھی کو گرفتار کرنا جمہوریت پر براہ راست حملہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی آواز کو دبانے سے عوامی مسائل ختم نہیں ہوں گے اور کانگریس جمہوریت و آئین کے تحفظ کی جدوجہد جاری رکھے گی۔

Advertising

ملک گیر احتجاجی پروگرام کے تحت عادل آباد میں کانگریس کارکن بی جے پی رکن پارلیمنٹ ناگیش کی رہائش گاہ کے گھیراؤ کے لیے روانہ ہوئے، تاہم پولیس نے انہیں راستے میں روک کر حراست میں لے لیا اور پولیس اسٹیشن منتقل کر دیا۔

Advertising

مقررین نے کہا کہ طلبہ کے مستقبل کا تحفظ ہر حکومت کی ذمہ داری ہے، سوال اٹھانے والوں کو گرفتار کرنا نہیں بلکہ ان کے مطالبات کا جواب دینا حکومت کا فرض ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ آئین اور جمہوری اقدار کے تحفظ کے لیے کانگریس پارٹی اپنی تحریک مزید تیز کرے گی۔

اس احتجاج میں کانگریس پارٹی قائدین و کارکنان کی ضلع بھر سے بڑی تعداد نے شرکت کی۔