عوامی شکایات کو مقررہ مدت میں حل کیا جائے ۔ کاماریڈی ضلع کلکٹر آشیش سنگھوان
تلنگانہ وائس نیوز
کاماریڈی۔27/جولائی (سید کوثر علی کی رپورٹ) ریاستی حکومت عوامی مسائل کے فوری حل کو اولین ترجیح دے رہی ہے، لہٰذا پرجا وانی میں موصول ہونے والی ہر شکایت کو مقررہ مدت کے اندر شفاف اور ذمہ دارانہ انداز میں نمٹایا جائے۔ ان خیالات کا اظہار ضلع کلکٹر آشیش سنگھوان نے متعلقہ افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کیا۔پیر کے روز ضلع کلکٹریٹ میں منعقدہ پرجا وانی پروگرام کے دوران ضلع کے مختلف علاقوں سے آئے شہریوں کی 88 درخواستیں ضلع کلکٹر نے وصول کیں۔ ان درخواستوں میں اراضی تنازعات، محکمہ مال، فلاحی اسکیمیں، پنشن، روزگار اور دیگر محکموں سے متعلق مسائل شامل تھے۔
Advertising
بعد ازاں ضلع کلکٹر نے ضلعی افسران، ریونیو ڈویژنل افسران (RDOs) اور تحصیلداروں کے ساتھ خصوصی جائزہ اجلاس منعقد کیا اور موصولہ درخواستوں پر ہونے والی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے ہدایت دی کہ ہر درخواست کا باریک بینی سے جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ محکمے ذمہ داری کے ساتھ کارروائی کریں اور عوامی شکایات کو فوری طور پر حل کریں۔
Advertising

انہوں نے مزید کہا کہ عوام کو کسی بھی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو، اس کے لیے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے اور کی گئی کارروائی سے متعلق باقاعدہ رپورٹس پیش کی جائیں۔
Advertising

ضلع کلکٹر آشیش سنگھوان نے زور دیتے ہوئے کہا کہ پرجا وانی کے ذریعے عوام کو تیز رفتار اور شفاف خدمات فراہم کرنے کے لیے تمام محکموں کے افسران باہمی تعاون اور ہم آہنگی کے ساتھ کام کریں۔
اس موقع پر ایڈیشنل کلکٹر (ریونیو) وکٹر، ایڈیشنل کلکٹر (بلدی ادارے) این۔ وائی۔ گری، ضلع پریشد کے سی ای او چندر، ڈپٹی کلکٹر روی تیجا، ضلعی افسران، آر ڈی اوز، تحصیلدار اور دیگر افسران موجود تھے

