عادل آباد ایئرپورٹ منصوبہ ایک اور مرحلے میں داخل، اراضی حصول کے لیے ₹2,278.14 کروڑ منظور ۔ کندی سرینواس ریڈی نے وزیر اعلی ریونت ریڈی کا شکریہ ادا کیا
عادل آباد۔28/جولائی(تلنگانہ وائس) عادل آباد کی ترقی کے لیے ریاستی حکومت نے ایک اور اہم قدم اٹھاتے ہوئے ایئرپورٹ منصوبے کے تحت اراضی کے حصول کے لیے ₹2,278.14 کروڑ کی منظوری دے دی ہے۔ اس پر عادل آباد کانگریس کے اسمبلی انچارج کندی سرینواس ریڈی نے وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی اور ریاستی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ کندی سرینواس ریڈی نے اپنے بیان میں کہا کہ کانگریس حکومت وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی کی قیادت میں عادل آباد کی ہمہ جہت ترقی کے لیے سنجیدہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ضلع کے عوام کا برسوں پرانا ایئرپورٹ کا خواب اب حقیقت کا روپ اختیار کر رہا ہے اور ریاستی حکومت کی جانب سے اراضی کے حصول کے لیے فنڈز کی منظوری اسی سمت ایک اہم پیش رفت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب مرکزی حکومت بھی اس منصوبے کو تیزی سے مکمل کرنے کے لیے ضروری اقدامات کرے تاکہ پسماندہ ضلع عادل آباد کے عوام کی دیرینہ خواہش جلد پوری ہو سکے۔ کندی سرینواس ریڈی نے کہا کہ عادل آباد کے عوام کی جانب سے وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی اور ضلع کے انچارج وزیر جوپلی کرشنا راؤ کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں، جنہوں نے ایئرپورٹ منصوبے کو عملی شکل دینے کے لیے اہم فیصلہ لیا۔

