دلتوں کی فلاح و بہبود کانگریس کی اولین ترجیح، پارٹی کو نچلی سطح سے مزید مستحکم کرنے کا عزم
عادل آباد میں کانگریس ایس سی ڈپارٹمنٹ کا ضلعی سطح کا توسیعی اجلاس، عظیم الشان ریالی؛ کَوَّم پلی ستیہ نارائنا، ویڈما بھوجّو پٹیل اور دیگر قائدین کی شرکت
عادل آباد، 10 اگست(تلنگانہ وائس نیوز)دلتوں کی فلاح و بہبود اور سماجی انصاف کو کانگریس پارٹی اولین ترجیح دے رہی ہے۔ کانگریس ایس سی ڈپارٹمنٹ کے ریاستی چیئرمین و ماناکونڈور کے رکن اسمبلی ڈاکٹر کَوَّم پلی ستیہ نارائنا نے کہا کہ ایس سی طبقہ کے حقوق کے تحفظ اور ان کی ترقی کے لیے کانگریس مسلسل جدوجہد کر رہی ہے۔
پیر کے روز عادل آباد شہر کے ٹی این جی اوز بھون میں کانگریس پارٹی ایس سی ڈپارٹمنٹ کے ضلعی سطح کے توسیعی اجلاس کا انعقاد عمل میں آیا، جس میں ڈاکٹر کَوَّم پلی ستیہ نارائنا، خانہ پور کے رکن اسمبلی ویڈما بھوجّو پٹیل، آل انڈیا کانگریس کمیٹی ایس سی ڈپارٹمنٹ کے قومی کوآرڈینیٹر سدھارتھ ہتامبرے، ٹی پی سی سی ایس سی ڈپارٹمنٹ کے ریاستی نائب صدر درگم شیکھر، ڈی سی سی صدر نریش جادھو، ضلعی ایس سی ڈپارٹمنٹ کے چیئرمین پرامیشور سمیت متعدد قائدین اور کارکنوں نے شرکت کی۔
اجلاس سے قبل ضلعی ایس سی ڈپارٹمنٹ کی جانب سے شہر میں ایک عظیم الشان ریالی نکالی گئی، جس میں کانگریس قائدین اور کارکنوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ریالی شہر کی اہم شاہراہوں سے گزری۔ اس موقع پر ڈاکٹر کَوَّم پلی ستیہ نارائنا اور وڈم بوجّو پٹیل نے عظیم قبائلی مجاہد کومرم بھیم اور ہندوستانی دستور کے معمار ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کے مجسموں پر پھولوں کی مالائیں چڑھا کر خراجِ عقیدت پیش کیا۔
بعد ازاں ٹی این جی اوز بھون میں منعقدہ اجلاس میں پارٹی کو نچلی سطح سے مزید مضبوط بنانے، ایس سی طبقہ سے وابستہ قائدین و کارکنان کے مسائل، تنظیمی امور اور مستقبل کے لائحہ عمل پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ قائدین نے پارٹی سرگرمیوں کو مزید وسعت دینے اور عوام کے ساتھ قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر زور دیا۔
اس موقع پر ڈاکٹر کَوَّم پلی ستیہ نارائنا نے بی آر ایس پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بی آر ایس نے دلت کو چیف منسٹر بنانے کا وعدہ کیا تھا، لیکن اقتدار حاصل کرنے کے بعد اس وعدے کو فراموش کردیا۔ اس کے برخلاف کانگریس پارٹی نے متحدہ آندھرا پردیش میں ہی دامودرم سنجیویّا کو چیف منسٹر بناکر دلت طبقہ کو اہم سیاسی مقام فراہم کیا تھا۔
انہوں نے ایس سی ڈپارٹمنٹ کے قائدین اور کارکنوں پر زور دیا کہ وہ پارٹی کو مضبوط بنانے کے لیے مزید سرگرمی کے ساتھ کام کریں اور عوامی مسائل کے حل کے لیے میدانِ عمل میں موجود رہیں۔
خانہ پور کے رکن اسمبلی ویڈما بھوجّو پٹیل نے کہا کہ کانگریس پارٹی کام کرنے والے قائدین اور کارکنوں کو ترجیح دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی عہدے حاصل کرنے والے قائدین محض عہدوں تک محدود نہ رہیں بلکہ زمینی سطح پر عوام کے درمیان جاکر پارٹی کو مضبوط بنانے کے لیے کام کریں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ محنت اور اخلاص کے ساتھ کام کرنے والے کارکنوں کو پارٹی میں ضرور مناسب شناخت حاصل ہوگی۔

ڈی سی سی صدر نریش جادھو نے کہا کہ ہندوستانی دستور کا احترام اور اس کی روح کے مطابق حکمرانی کانگریس پارٹی کی بنیادی ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ سماج کے پسماندہ طبقات کو دستور کی جانب سے حاصل حقوق، سماجی انصاف اور مساوی مواقع کے تحفظ میں کانگریس پارٹی نے تاریخی کردار ادا کیا ہے۔
Advertising

قائدین نے عظیم شخصیات کی خدمات اور قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے ان کے نظریات پر عمل کرنے اور سماجی انصاف، مساوات اور پسماندہ طبقات کے حقوق کے لیے جدوجہد جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔ اجلاس میں قومی و ریاستی سطح کے کانگریس قائدین، ضلعی عہدیداران، ایس سی ڈپارٹمنٹ کے ذمہ داران اور کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
Advertising

Advertising


