بیروزگار نوجوانوں کو گمراہ کرنے والوں سے ہوشیار رہیں ۔ وزیر اعلی ریونت ریڈی مرحلہ وار سرکاری ملازمتوں کی تمام مخلوعہ جائیدادیں پُر کرنے کا اعلان، پرکالہ میں 424 کروڑ روپے کے ترقیاتی کاموں کا آغاز

بیروزگار نوجوانوں کو گمراہ کرنے والوں سے ہوشیار رہیں ۔ وزیر اعلی ریونت ریڈی

مرحلہ وار سرکاری ملازمتوں کی تمام مخلوعہ جائیدادیں پُر کرنے کا اعلان، پرکالہ میں 424 کروڑ روپے کے ترقیاتی کاموں کا آغاز

حیدرآباد، 17 اگست (تلنگانہ وائس) تلنگانہ کے چیف منسٹر اے. ریونت ریڈی نے ریاست کے بیروزگار نوجوانوں کو بعض عناصر کی جانب سے گمراہ اور مشتعل کرنے کی کوششوں سے ہوشیار رہنے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی حکومت کسانوں، خواتین اور نوجوانوں کو اولین ترجیح دیتے ہوئے ایک ایک کرکے تمام مسائل حل کرنے کی سمت آگے بڑھ رہی ہے۔

چیف منسٹر نے کہا کہ حکومت میں موجود تمام مخلوعہ سرکاری جائیدادوں کو مرحلہ وار پُر کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بیروزگار نوجوانوں کے خوابوں کو شرمندۂ تعبیر کرنے کے لیے حکومت ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔

Advertising

پرجا پالنا۔ پرگتی باٹا پروگرام کے تحت پرکالہ اسمبلی حلقہ میں چیف منسٹر نے تقریباً 424 کروڑ روپے مالیتی مختلف ترقیاتی کاموں کا سنگ بنیاد رکھا اور بعض مکمل شدہ ترقیاتی کاموں کا افتتاح کیا۔

بعد ازاں منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ عوامی حکومت نے اقتدار سنبھالنے کے پہلے ہی سال میں 70 ہزار سرکاری ملازمتیں فراہم کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیروزگار نوجوانوں کو حکومت مناسب ترجیح دے رہی ہے۔

چیف منسٹر ریونت ریڈی نے بتایا کہ حال ہی میں پولیس محکمہ میں تقررات کے لیے نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے اور امیدواروں کو مزید مواقع فراہم کرنے کے لیے عمر کی حد میں بھی رعایت دی گئی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ تقررات مرحلہ وار جاری رہیں گے اور آنے والے دنوں میں تمام مخلوعہ جائیدادیں پُر کی جائیں گی۔

Advertising

انہوں نے کہا کہ حکومت کسانوں، خواتین اور بیروزگار نوجوانوں کی فلاح و بہبود کے لیے کام کر رہی ہے۔ ایسے وقت میں نوجوانوں کو اپنا قیمتی وقت ضائع کرنے کے بجائے اسے تعمیری سرگرمیوں میں استعمال کرنا چاہیے۔

Advertising

چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کہا کہ ورنگل ضلع کو تحریکوں، عوامی شعور اور جدوجہد کی شاندار تاریخ حاصل ہے۔ آزادی کے بعد بھی اس ضلع سے کئی عظیم شخصیات نے عوامی زندگی کے لیے اپنی خدمات وقف کیں۔

Advertising

چیف منسٹر نے اعلان کیا کہ ستمبر میں اسمبلی کا اجلاس منعقد کیا جائے گا۔ انہوں نے قائد اپوزیشن کے. چندرشیکھر راؤ سے اپیل کی کہ وہ اسمبلی اجلاس میں شرکت کرتے ہوئے ریاست کی ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کے امور پر بحث میں حصہ لیں اور اپنے تجربے کی بنیاد پر ضروری مشورے اور تجاویز پیش کریں۔

انہوں نے کہا کہ ریاست اس وقت قرضوں کے بوجھ کے باوجود ایک ایک کرکے مسائل حل کرتے ہوئے ترقی کی راہ پر آگے بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ’’الٹ چکی گاڑی کو دوبارہ پٹری پر ڈال دیا ہے، اب اسے تیز رفتاری سے دوڑانا باقی ہے۔‘‘

اس پروگرام میں ریاستی وزراء پونگولیٹی سرینواس ریڈی، دناسری انسویا سیتکا، اڈلوری لکشمن کمار، ارکان پارلیمنٹ ویم نریندر ریڈی، بلرام نائک، کڈیم کاویہ، ایم ایل سی و ٹی پی سی سی صدر بی. مہیش کمار گوڑ کے علاوہ عوامی نمائندوں اور اعلیٰ عہدیداروں نے شرکت کی۔