عادل آباد میں رہزنی،”راستے میں لوٹ مار” 50 ہزار نقد سمیت 80 ہزار کا سامان لوٹ لیا گیا
عادل آباد، 17/ اگست(تلنگانہ وائس نیوز)عادل آباد رورل پولیس نے کھنڈالا گھاٹ کے قریب ایک شخص پر حملہ کرکے رہزنی”راستے میں لوٹ مار” کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا۔ رورل سی آئی رحیم پاشا نے بتایا کہ ملزم نے لفٹ دینے والے اپنے ہی شناسا شخص کو نشانہ بناکر نقد رقم، موبائل فون اور موٹر سائیکل لوٹ لی تھی۔

پولیس کے مطابق کھنڈالا گاؤں کا رہنے والا مارساکولا کرشنا 10 اگست کو زرعی سامان خریدنے کے لیے 50 ہزار روپے نقد رقم لے کر عادل آباد آیا تھا۔ واپسی کے دوران پوته گوڑہ گاؤں کے رہنے والے شناسا مڈاوی لکشمن (35) نے کھنڈالا جانے کے لیے اس سے لفٹ مانگی۔

کرشنا نے لکشمن کو موٹر سائیکل پر لفٹ دی اور دونوں کھنڈالا کی سمت روانہ ہوگئے۔ کھنڈالا گھاٹ کے قریب پہنچنے کے بعد لکشمن نے اچانک کرشنا پر حملہ کردیا اور اس کے قبضے سے 50 ہزار روپے نقد، دو موبائل فون اور موٹر سائیکل لے کر فرار ہوگیا۔
Advertising

اس واقعہ میں تقریباً 80 ہزار روپے مالیت کا سامان لوٹ لیا گیا۔ متاثرہ شخص کی شکایت پر عادل آباد رورل پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کیں اور ملزم کی شناخت کے بعد اسے گرفتار کرلیا۔

سی آئی رحیم پاشا نے عوام کو مشورہ دیا کہ کسی کو بھی لفٹ دیتے وقت احتیاط برتیں اور نقد رقم و قیمتی اشیاء کے معاملے میں خصوصی احتیاط کریں۔
Advertising

اس کارروائی میں رورل ایس آئی وی. وشنو وردھن اور پولیس عملے نے حصہ لیا۔

