عوامی فلاح حکومت کا نصب العین، عادل آباد میں 99 روزہ عوامی حکمرانی پروگرام کے تحت فلاحی امداد، روزگار اور ترقیاتی منصوبوں کا آغاز ۔ وزیر جوپلی کرشنا راؤ

حکومت ہر مستحق غریب خاندان تک فلاحی فوائد پہنچانے کے لیے پُرعزم: جوپلی کرشنا راؤ 

اقلیتی مستفیدین کو سلائی مشینیں، فائر سروسز کو sdrf آلات فراہم 

عادل آباد۔13/جون (ڈیسک/تلنگانہ وائس)

ریاستی وزیر اور ضلع انچارج وزیر جناب جوپلی کرشنا راؤ نے کہا ہے کہ "ترقی کی راہ، سبھی عوام کی بھلائی، ہماری عوامی حکومت” کے نعرے کے ساتھ ریاستی حکومت فلاحی اسکیموں کو عام لوگوں کی دہلیز تک پہنچا رہی ہے۔

انہوں نے ہفتہ کے روز عادل آباد کے گایتری گارڈنز میں منعقدہ "99 دنوں کی عوامی حکمرانی – ترقیاتی منصوبہ” پروگرام میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کرتے ہوئے شمع روشن کر کے تقریب کا افتتاح کیا۔

وزیر موصوف نے اپنے خطاب میں کہا کہ حکومت فلاحی اسکیموں کے مؤثر نفاذ، مستحقین کی نشاندہی اور عوام کو زمینی سطح پر خدمات کی فراہمی کے لیے سنجیدگی سے کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کے ہر مستحق اور غریب خاندان تک سرکاری فلاحی فوائد پہنچانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ فلاحی اسکیموں کے شفاف نفاذ سے ہی ہمہ جہتی ترقی ممکن ہے۔

بعد ازاں "عوامی حکمرانی – ترقیاتی منصوبہ” پروگرام کے تحت منعقدہ میگا جاب میلہ میں ملازمت حاصل کرنے والے نوجوانوں کو وزیر کے ہاتھوں اعزاز سے نوازا گیا اور ٹاسک سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے۔ اس موقع پر پنچایت سیکریٹریوں میں میرج رجسٹرز تقسیم کیے گئے۔ مستحق افراد کو اندرامّا ہاؤسنگ اسکیم کے منظوری نامے، کلیان لکشمی اور شادی مبارک اسکیموں کے تحت مالی امدادی چیکس، اقلیتی مستفیدین میں سلائی مشینیں اور محکمہ فائر سروسز کے لیے ایس ڈی آر ایف (SDRF) آلات بھی فراہم کیے گئے۔

وزیر نے مختلف ترقیاتی کاموں کا سنگ بنیاد رکھا اور یادگاری کتبوں کی نقاب کشائی بھی انجام دی۔

اشتہار۔ ۔۔۔۔۔۔۔Advertisment

اس تقریب میں رکن پارلیمان جی ناگیش، ضلع کلکٹر راجرشی شاہ، ایڈیشنل کلکٹر راجیشور، ارکانِ اسمبلی پائل شنکر اور ویڈما بھوجو پٹیل، میونسپل چیئرپرسن بنڈاری انوشا، مارکیٹ کمیٹی چیئرمین سرکانت ریڈی، ضلعی لائبریری ادارہ کے چیئرمین ملے پھول نرسیا، عوامی نمائندے، مختلف محکموں کے افسران اور مستفیدین نے شرکت کی۔