غیر قانونی فاریسٹ کیس درج کرنے کی دھمکی، فاریسٹ بیٹ آفیسر کے خلاف مقدمہ
عادل آباد، 17 اگست(تلنگانہ وائس نیوز) تلامڈگو پولیس اسٹیشن حدود میں ایک فاریسٹ بیٹ آفیسر کی جانب سے مبینہ طور پر ایک کسان کو دھمکاتے ہوئے رقم وصول کرنے کے معاملے میں پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے۔ تلامڈگو ایس ایچ او ڈی۔ رادھیکا نے یہ اطلاع دی۔
ایس ایچ او رادھیکا کے مطابق لنگی گاؤں کا ایک شخص زرعی اراضی کو لیز پر لے کر کاشت کاری کرتا ہے۔ الزام ہے کہ 12 اپریل 2026 کو فاریسٹ بیٹ آفیسر بوڈا کرشنا نائک (43) نے اسے کار میں کچلاپور کے فاریسٹ دفتر لے جاکر محکمۂ جنگلات کے پودے جلانے کا الزام عائد کیا اور فاریسٹ ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکے جیل بھیجنے کی دھمکی دی۔
شکایت کے مطابق ملزم نے مبینہ طور پر 30 ہزار روپے کا مطالبہ کیا۔ بعد ازاں متاثرہ شخص نے اپنے بیٹے اور داماد کی مدد سے 8 ہزار روپے جمع کیے۔ لنگی گاؤں کے پل کے قریب ملزم نے کار روک کر مبینہ طور پر یہ رقم وصول کی اور کسی کو اطلاع دینے پر جیل بھیجنے کی دھمکی دی۔
پولیس نے تحقیقات اور گواہوں کے بیانات کی بنیاد پر بوڈا کرشنا نائک کے خلاف BNS کی دفعات 308(4) اور 296(b) کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم فی الحال معطل ہے۔ اس کا تعلق منچریال ضلع کے دندے پلی منڈل کے لنگاپور گاؤں سے ہے اور وہ فی الحال عادل آباد کے تریوملا نگر میں مقیم ہے۔

