مویشی چور گروہ گرفتار، پانچ بکریاں، کار اور موبائل فون برآمد ۔ عادل آباد پولیس

مویشی چور گروہ گرفتار، پانچ بکریاں، کار اور موبائل فون برآمد

عادل آباد، 17/ اگست (تلنگانہ وائس)عادل آباد شہر کے جئے جوان نگر میں بکریاں چوری کرنے والے گروہ کے چار ارکان کو ٹو ٹاؤن پولیس نے چند ہی گھنٹوں میں گرفتار کرلیا۔ گرفتار افراد میں دو بکری چور جبکہ دیگر دو چوری کی گئی بکریاں خریدنے والے افراد شامل ہیں۔

پولیس کے مطابق جئے جوان نگر کی رہنے والی کوہینور بیگم نے 16 اگست کو تقریباً ڈھائی بجے اپنی بکریاں غائب ہونے کی شکایت ڈائل 100 کے ذریعہ ٹو ٹاؤن پولیس اسٹیشن میں درج کرائی۔ شکایت پر پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کیں۔

Advertising

ٹو ٹاؤن انسپکٹر کے. ناگراجو کی ہدایت پر ایس آئیز اکھل اور پرنئے کی نگرانی میں خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئیں۔ پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر شواہد کا جائزہ لینے کے ساتھ مشتبہ افراد کی نقل و حرکت پر نظر رکھی۔

Advertising

تحقیقات کے دوران پولیس نے کار میں آکر بکریاں چوری کرنے والے محمد پرویز (23) اور شیخ ایزان (22) کو گرفتار کیا۔ پوچھ گچھ میں انکشاف ہوا کہ دونوں چوری کی گئی بکریاں محمد فردوس (40) اور آصف خان (30) کو فروخت کر رہے تھے۔

پولیس نے چاروں ملزمین کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے پانچ چوری شدہ بکریاں، ایک کار، تین سیل فون اور 2 ہزار روپے نقد رقم برآمد کی۔

ملزمین کی شناخت محمد پرویز ولد محمد انصار، ساکن سرسنا، منڈل بیلا، حال مقیم خانہ پور عادل آباد؛ شیخ ایزان ولد شیخ فیروز، وڈر کالونی عادل آباد؛ محمد فردوس ولد محمد خلیق اور آصف خان ولد حریف خان، دونوں ساکنان سرسنا، منڈل بیلا کے طور پر ہوئی ہے۔

کیس کو چند ہی گھنٹوں میں حل کرنے پر ٹو ٹاؤن انسپکٹر کے. ناگراجو نے ایس آئیز اکھل، پرنئے اور پولیس اہلکاروں وٹّھل، سری کانت اور کرانتی کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں مبارکباد دی۔

پولیس نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے مویشیوں اور بکریوں کی حفاظت کے معاملے میں محتاط رہیں اور کسی بھی مشتبہ شخص یا گاڑی کی نقل و حرکت نظر آنے پر فوری طور پر پولیس کو اطلاع دیں۔