ایم ایس نیٹ اکیڈمی کے 23 طلبہ کی میڈیکل سیٹ پر کامیابی، محمد علی شبیر کے ہاتھوں تہنیت ایم ایس نیٹ اکیڈمی کے 23 طلباء و طالبات نے میڈیکل نشستیں حاصل کرکے عادل آباد کا نام روشن کیا ۔ 4 فیصد مسلم تحفظات کی کامیابی کے 21 سال مکمل، ظہیر رمضانی و پتی مجو کی جانب سے محمد علی شبیر کو خراجِ تحسین

ایم ایس نیٹ اکیڈمی کے 23 طلبہ کی میڈیکل سیٹ پر کامیابی، محمد علی شبیر کے ہاتھوں تہنیت

ایم ایس نیٹ اکیڈمی کے 23 طلباء و طالبات نے میڈیکل نشستیں حاصل کرکے عادل آباد کا نام روشن کیا

4 فیصد مسلم تحفظات کی کامیابی کے 21 سال مکمل، ظہیر رمضانی و پتی مجو کی جانب سے محمد علی شبیر کو خراجِ تحسین

عادل آباد، 19/ اگست (تلنگانہ وائس) عادل آباد سے تعلق رکھنے والے ایم ایس نیٹ اکیڈمی کے 23 طلباء و طالبات کی میڈیکل نشستوں پر شاندار کامیابی پر سینئر کانگریسی اقلیتی قائدین سابق وائس چیئرمین ظہیر رمضانی اور شیخ مجاہد المعروف پتی مجو نے طلباء، اکیڈمی کے ذمہ داران اور سرپرستوں کے ہمراہ نظام آباد کا دورہ کرتے ہوئے ریاستی حکومت کے مشیر محمد علی شبیر سے ملاقات کی۔

ظہیر رمضانی اور پتی مجو نے عادل آباد کے سیاسی حالات پر تبادلہ خیال کیا اور حکومت سے نمائندگی کرتے ہوئے عادل آباد کے اقلیتوں سے متعلق مختلف امور،ترقیاتی کاموں،تعلیم یافتہ نوجوانوں کے لئے روزگار کے مواقع،حکومت کی اسکیموں بالخصوص اندرماں مکانات مسلمانوں کو زیادہ سے زیادہ فراہم کرنے پر نمائندگی کی۔

اس موقع پر منعقدہ تقریب میں ریاستی وزیر سیتا اکا اور کانگریس کے ریاستی صدر مہیش کمار گوڑ بھی موجود تھے۔ ظہیر رمضانی اور شیخ مجاہد المعروف پتی مجو نے عادل آباد کے ہونہار طلباء و طالبات، ان کے سرپرستوں کے علاوہ ایم ایس نیٹ اکیڈمی کے چیئرمین محمد بلال اور ڈائریکٹر رفیع سر کا تعارف کرواتے ہوئے طلباء کی کامیابی اور اکیڈمی کی تعلیمی خدمات سے قائدین کو واقف کرایا۔

تقریب کے دوران ریاستی وزیر سیتا اکا، حکومت کے مشیر محمد علی شبیر اور کانگریس کے ریاستی صدر مہیش کمار گوڑ نے کامیاب طلباء و طالبات کی شال پوشی کرتے ہوئے تہنیت پیش کی اور ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

اس موقع پر محمد علی شبیر کی قیادت میں مسلمانوں کے لیے 4 فیصد تحفظات کے حصول کی جدوجہد اور اس تاریخی کامیابی کے 21 سال مکمل ہونے پر کیک کاٹ کر خوشی کا اظہار بھی کیا گیا۔ قائدین نے کہا کہ 4 فیصد تحفظات نے اقلیتی طبقے کے ہزاروں طلباء و نوجوانوں کے لیے تعلیم اور روزگار کے نئے دروازے کھولے ہیں۔

ظہیر رمضانی اور شیخ مجاہد نے کہا کہ عادل آباد کے 23 طلباء و طالبات کا میڈیکل نشستوں پر کامیابی حاصل کرنا نہ صرف ان کے والدین اور اساتذہ بلکہ پورے ضلع کے لیے باعثِ فخر ہے۔ انہوں نے ایم ایس نیٹ اکیڈمی کے ذمہ داران کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ معیاری تعلیم، سخت محنت اور درست رہنمائی کے نتیجے میں اقلیتی طلباء بھی اعلیٰ تعلیمی میدان میں نمایاں مقام حاصل کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عادل آباد کے طلباء کی یہ کامیابی دیگر نوجوانوں کے لیے بھی ایک مثبت پیغام اور حوصلہ افزا مثال ہے۔ والدین اپنے بچوں کی تعلیم پر خصوصی توجہ دیں اور انہیں مسابقتی امتحانات کے لیے بہتر ماحول اور رہنمائی فراہم کریں۔