سائبر جرائم سے ہوشیار رہیں، اس ہفتے 32 شکایات موصول او ٹی پی، لون ایپس اور سوشل میڈیا فراڈ سے ہوشیار رہیں، سائبر دھوکہ دہی کی صورت میں فوری 1930 پر اطلاع دینے ایس پی اکھل مہاجن کی اپیل

سائبر جرائم سے ہوشیار رہیں، اس ہفتے 32 شکایات موصول

او ٹی پی، لون ایپس اور سوشل میڈیا فراڈ سے ہوشیار رہیں، سائبر دھوکہ دہی کی صورت میں فوری 1930 پر اطلاع دینے ایس پی اکھل مہاجن کی اپیل

عادل آباد، 22 اگست(تلنگانہ وائس) ضلع ایس پی اکھل مہاجن آئی پی ایس نے عوام کو سائبر جرائم کے تئیں چوکس رہنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی مشتبہ فون کال، لنک، ایپ یا پیغام کی مکمل تصدیق کے بعد ہی کوئی قدم اٹھائیں۔ انہوں نے کہا کہ احتیاط اور بروقت کارروائی سے سائبر دھوکہ دہی سے بچا جاسکتا ہے۔

Advertising

ایس پی نے بتایا کہ عادل آباد ضلع میں رواں ہفتے سائبر جرائم سے متعلق 32 شکایات موصول ہوئی ہیں، جن پر متعلقہ پولیس اسٹیشنوں کے ذریعہ تحقیقات جاری ہیں۔ انہوں نے خاص طور پر او ٹی پی، ڈیجیٹل لون ایپس، سوشل میڈیا اور آن لائن مالی لین دین کے ذریعہ ہونے والی دھوکہ دہی پر توجہ دینے کی ہدایت دی۔

Advertising

انہوں نے کہا کہ مالی دھوکہ دہی کا شکار ہونے کی صورت میں فوری طور پر 1930 پر شکایت درج کرائی جائے۔ بروقت اطلاع دینے سے رقم کی واپسی کے امکانات میں اضافہ ہوسکتا ہے۔

Advertising

ایس پی کے مطابق ضلع میں درج بعض سائبر دھوکہ دہی کے معاملات میں غیر مجاز لون ایپ کے ذریعہ قرض کے نام پر دھوکہ دہی، کریڈٹ کارڈ ان بلاک کرنے کے بہانے او ٹی پی حاصل کرکے 74,446 روپے کی رقم نکالنا، فرضی انسٹاگرام اکاؤنٹ بناکر رقم طلب کرنا، واٹس ایپ کال کے ذریعہ آئی فون دلانے کا جھانسہ دے کر 19 ہزار روپے وصول کرنا اور یوٹیوب کے ذریعہ سولار کمپنی کی فرنچائز دلانے کے نام پر 50 ہزار روپے کی آن لائن ادائیگی کرانا شامل ہے۔

اسی طرح ایک معاملے میں متاثرہ شخص کے فون پے اکاؤنٹ سے اس کی اجازت کے بغیر 39 ہزار روپے کی رقم منتقل کی گئی۔

ایس پی اکھل مہاجن نے عوام سے اپیل کی کہ OTP، PIN، CVV، UPI PIN اور بینک اکاؤنٹ کی تفصیلات کسی کے ساتھ شیئر نہ کریں۔ نامعلوم یا مشتبہ لنکس پر کلک کرنے سے گریز کریں اور آن لائن اجنبی افراد کے کہنے پر رقم منتقل نہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ سائبر دھوکہ دہی کا شکار ہوتے ہی 1930 پر اطلاع دینے کے ساتھ قریبی پولیس اسٹیشن سے رجوع کریں۔