رمس آتشزدگی: متوفی بچوں کے خاندانوں کو 50 لاکھ روپے ایکس گریشیا دینے کا مطالبہ ۔ موومنٹ فار پیس اینڈ جسٹس عادل آباد یونٹ

رمس آتشزدگی: متوفی بچوں کے خاندانوں کو 50 لاکھ روپے ایکس گریشیا دینے کا مطالبہ ۔ موومنٹ فار پیس اینڈ جسٹس عادل آباد یونٹ

عادل آباد۔22/ستمبر (تلنگانہ وائس)

موومنٹ فار پیس اینڈ جسٹس (MPJ) عادل آباد یونٹ نے رمس اسپتال میں پیش آئے آتشزدگی کے المناک واقعہ میں جاں بحق نومولود بچوں کے خاندانوں کو فی خاندان 50 لاکھ روپے ایکس گریشیا فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

اس سلسلے میں MPJ عادل آباد کے لیگل ایڈوائزر ایڈوکیٹ ایم اے بصیر اور صدر سید فیروز احمد نے وزیر صحت دامودر راج نرسمہا کو ایک تحریری درخواست پیش کرتے ہوئے کہا کہ رمس اسپتال میں گزشتہ شب پیش آئے آتشزدگی کے واقعہ میں بچوں کی موت سے ان کے والدین اور خاندانوں کو ناقابل تلافی صدمہ پہنچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی مالی امداد سے بچے کی موت کا ازالہ ممکن نہیں، تاہم حکومت کی جانب سے فوری مالی امداد غمزدہ خاندانوں کو اس مشکل گھڑی میں کچھ سہارا فراہم کرسکتی ہے۔

ایڈوکیٹ ایم اے بصیر نے وزیر سے دو ٹوک الفاظ میں مطالبہ کیا کہ آتشزدگی میں جاں بحق ہر بچے کے والدین کو 50 لاکھ روپے ایکس گریشیا فوری طور پر منظور کرتے ہوئے جاری کیا جائے۔ اس کے علاوہ آتشزدگی کے واقعہ کی مکمل اور غیر جانب دارانہ تحقیقات کرانے کا بھی مطالبہ کیا۔

ایڈوکیٹ ایم اے بصیر نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ حادثے کے اسباب، رمس میں موجود فائر سیفٹی انتظامات اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کے نظام کا تفصیلی جائزہ لیا جائے۔ تحقیقات کے دوران اگر کسی عہدیدار یا ذمہ دار کی لاپروائی یا غفلت ثابت ہوتی ہے تو اس کی ذمہ داری طے کرتے ہوئے مناسب کارروائی کی جائے۔

Advertising