تلنگانہ کو جھونپڑیوں سے پاک ریاست بنائیں گے
اراضی سروے سے زمین کے مسائل کا مستقل حل ممکن ہوگا ۔ وزیر پو نگولٹی سرینواس ریڈی
ریاست بھر میں 72 سے 73 ہزار غریب خاندانوں کو اندرامّا مکانات کی فراہمی، ہر زمین کے پارسل کو ’بھودھار‘ نمبر دینے کی سمت اقدامات
نرمل، 5 اکتوبر(تلنگانہ وائس)ریاستی وزیر مال، اطلاعات اور ہاؤسنگ پو نگولٹی سرینواس ریڈی نے کہا کہ حکومت کا مقصد ریاست کے تمام اہل غریب خاندانوں کو اندرامّا مکانات فراہم کرتے ہوئے تلنگانہ کو جھونپڑیوں سے پاک ریاست بنانا ہے۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ زمین سے متعلق مسائل کے مستقل حل کے مقصد سے شروع کیے گئے اراضی سروے کو شفاف اور جامع انداز میں مکمل کیا جائے۔
پیر کے روز نرمل کلکٹریٹ کے اجلاس ہال میں ریاستی ایکسائز و ثقافتی امور کے وزیر اور ضلع انچارج وزیر جوپلی کرشنا راؤ کے ہمراہ پو نگولٹی سرینواس ریڈی نے متحدہ عادل آباد ضلع کے کلکٹرس، عوامی نمائندوں اور مختلف محکمہ جات کے عہدیداروں کے ساتھ ریونیو اور ہاؤسنگ امور پر تفصیلی جائزہ اجلاس منعقد کیا۔

اس موقع پر وزیر نے کہا کہ ریاست میں جھونپڑیوں میں رہنے والے تقریباً 72 سے 73 ہزار غریب خاندانوں کو اندرامّا مکانات فراہم کرنے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔ پہلے مرحلے میں 4.50 لاکھ مکانات کی تعمیر شروع کی گئی ہے، جبکہ دوسرے مرحلے میں مزید دو لاکھ سے زائد مکانات کی تعمیر کے اقدامات جاری ہیں۔
Advertising

انہوں نے کہا کہ مکانات کی تعمیر کے لیے مالی استطاعت نہ رکھنے والے مستحقین کو خواتین کی تنظیموں کے ذریعے قرض فراہم کرتے ہوئے تعمیرات کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے۔ عہدیداروں کو ہدایت دی گئی کہ اندرامّا مکانات کی تعمیر میں تیزی لائی جائے۔ جنگلات سے متعلق مسائل کے باعث مکانات کی تعمیر میں رکاوٹ پیدا نہ ہو اور متعلقہ عہدیدار باہمی تال میل کے ساتھ مسائل حل کریں۔ ضرورت پڑنے پر ریاستی سطح پر اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کرتے ہوئے مسائل کا حل تلاش کیا جائے گا۔
Advertising

ہر زمین کے ٹکڑے کو ’بھودھار‘ دینے کی سمت اقدامات
پو نگولٹی سرینواس ریڈی نے کہا کہ زمین سے متعلق مسائل کو مستقل طور پر حل کرنے کے مقصد سے حکومت نے بڑے پیمانے پر اراضی سروے شروع کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ماضی میں تقریباً 125 سال قبل اراضی سروے کیا گیا تھا، تاہم اب حکومت آئندہ ڈیڑھ سال کے اندر ریاست کے ہر گاؤں میں اراضی سروے مکمل کرنے کے اقدامات کر رہی ہے۔
Advertising

انہوں نے کہا کہ جس طرح ہر فرد کے لیے آدھار شناختی نمبر موجود ہے، اسی طرح ہر زمین کے پارسل کے لیے بھودھار تیار کرنے کی سمت حکومت اقدامات کر رہی ہے۔ جامع اراضی سروے کے ذریعے مستقبل میں زمین کے تنازعات کو روکنے میں مدد ملے گی۔ وزیر نے سروے کے عمل کو مکمل شفافیت کے ساتھ انجام دینے کی ہدایت دی۔
Advertising

انہوں نے کہا کہ سروے کو مؤثر انداز میں مکمل کرنے کے لیے ضرورت کے مطابق اضافی آلات فراہم کیے جائیں گے۔ نوجوان عہدیداروں کو بھی فیلڈ لیول پر سروے میں فعال طور پر حصہ لینے کی ہدایت دی گئی۔
متحدہ عادل آباد میں اراضی مسائل کے حل پر خصوصی توجہ
وزیر نے متحدہ عادل آباد ضلع میں اراضی سے متعلق مسائل کے حل پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت دی۔ قبائلی علاقوں میں ریونیو اور محکمہ جنگلات سے متعلق مسائل کو باہمی تال میل کے ساتھ حل کرنے پر زور دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ہر ریونیو گاؤں میں مرحلہ وار اراضی سروے کرتے ہوئے ہر زمین کے پارسل کو لینڈ پارسل میپنگ (LPM) نمبر الاٹ کرنے کا عمل مکمل کیا جائے۔ زمینوں سے متعلق تمام تفصیلات درج کرتے ہوئے عوام کو ان کے اراضی حقوق کا تحفظ فراہم کیا جائے۔
عہدیدار مسلسل فیلڈ میں موجود رہیں: جوپلی کرشنا راؤ
ریاستی ایکسائز و ثقافتی امور کے وزیر اور ضلع انچارج وزیر جوپلی کرشنا راؤ نے کہا کہ عہدیدار مسلسل فیلڈ میں دورے کرتے ہوئے عوامی مسائل کی بروقت یکسوئی کریں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی فلاحی اور ترقیاتی اسکیموں کے فوائد ہر اہل فرد تک مؤثر انداز میں پہنچنے چاہئیں۔
انہوں نے ہدایت دی کہ عوام کو اپنے مسائل کے حل کے لیے سرکاری دفاتر کے چکر نہ لگانے پڑیں اور انتظامیہ عوامی مسائل کو بروقت حل کرنے کے لیے سرگرم رہے۔ دیہی علاقوں میں مسائل کے حل کے لیے مضبوط باہمی تال میل کے نظام کے ساتھ کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
جوپلی کرشنا راؤ نے کہا کہ اندرامّا مکانات کی تعمیر سے متعلق جنگلاتی مسائل حکومت کے علم میں آئے ہیں، جنہیں متعلقہ عہدیدار اپنے دائرہ اختیار میں حل کرنے کے لیے اقدامات کریں۔ انہوں نے اراضی سروے کو زمین کے مسائل کے حل کا اہم موقع قرار دیتے ہوئے گرام سبھاؤں کے ذریعے عوام کو سروے کے عمل سے واقف کرانے اور مقررہ مدت میں سروے مکمل کرنے کی ہدایت دی۔
اجلاس میں چیف کمشنر آف لینڈ ایڈمنسٹریشن لوکیش کمار، ریونیو محکمہ کے خصوصی سکریٹری راجیو گاندھی ہنمنتو، ہاؤسنگ محکمہ کے خصوصی سکریٹری وی پی گوتم، نرمل کلکٹر بھاویش مشرا، عادل آباد کلکٹر راجرشی شاہ، کمرم بھیم آصف آباد کلکٹر ہریتا، ایم ایل سی ڈنڈے وٹھل، خانہ پور رکن اسمبلی وڈم بوجو پٹیل، مدہول رکن اسمبلی پوار رام راؤ پٹیل، بوتھ رکن اسمبلی انیل جادھو، آصف آباد رکن اسمبلی کووا لکشمی، سرپور رکن اسمبلی پالاوائی ہریش بابو، آئی ٹی ڈی اے پی او مندا مکرندو سمیت متحدہ عادل آباد اضلاع کے ایڈیشنل کلکٹرس، سب کلکٹرس، ریونیو، ہاؤسنگ و محکمہ جنگلات کے عہدیداران، عوامی نمائندے اور دیگر متعلقہ افراد موجود تھے۔

