غیر قانونی شکار اور جنگلی جانوروں کے اعضاء کی فروخت کا الزام، ایک شخص گرفتار تقریباً ایک سال سے مفرور ملزم گرفتار، مکان سے ڈبل بیرل بندوق، گولیاں، ہرن کے سینگ اور دیگر سامان ضبط ۔ ایس پی کی پریس کانفرنس

غیر قانونی شکار اور جنگلی جانوروں کے اعضاء کی فروخت کا الزام، ایک شخص گرفتار

تقریباً ایک سال سے مفرور ملزم گرفتار، مکان سے ڈبل بیرل بندوق، گولیاں، ہرن کے سینگ اور دیگر سامان ضبط ۔ ایس پی کی پریس کانفرنس

عادل آباد۔5/اکتوبر(تلنگانہ وائس)غیر قانونی طور پر جنگلی جانوروں کا شکار کرکے ان کا گوشت، سینگ اور دیگر اعضاء فروخت کرنے کے الزام میں تقریباً ایک سال سے مفرور شخص کو عادل آباد ون ٹاؤن پولیس نے گرفتار کرلیا۔ پولیس نے ملزم کے قبضے سے شکار میں استعمال ہونے والی موٹر سائیکل اور سیل فون ضبط کرلیا ہے۔

 

ضلع ایس پی عادل آباد اکھل مہاجن آئی پی ایس نے پیر کے روز ون ٹاؤن پولیس اسٹیشن میں منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران اس معاملے کی تفصیلات بتائیں۔ انہوں نے بتایا کہ گرفتار ملزم کی شناخت عادل آباد شہر کے پنجے شاہ محلہ کے رہنے والے 34 سالہ شعیب افضل کے طور پر ہوئی ہے، جو پیشے سے پلمبر ہے۔

Advertising

ایس پی کے مطابق پولیس تفتیش کے دوران ملزم نے مبینہ طور پر انکشاف کیا کہ وہ عادل آباد ضلع کے گھاٹانجی اور مہاراشٹرا کے دیگر جنگلاتی علاقوں میں جاکر ہرنوں کا شکار کرتا تھا۔ شکار کیے گئے ہرنوں کو وہیں چھریوں کی مدد سے کاٹ کر ان کا گوشت فروخت کرنے کے علاوہ ہرنوں کے سینگ اپنے مکان میں چھپا کر رکھتا تھا، جنہیں حیدرآباد میں زیادہ قیمت پر فروخت کرنے کا منصوبہ تھا۔

Advertising

ایس پی کے مطابق ملزم نے تفتیش کے دوران یہ بھی بتایا کہ حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے بعض افراد اس کے ساتھ شکار کے لیے آتے تھے اور مشترکہ طور پر جنگلی جانوروں کا شکار کرتے تھے۔

 

ایس پی نے بتایا کہ اس سے قبل ملزم کے مکان کی تلاشی کے دوران ڈبل بیرل بندوق، گولیاں، چھریاں، ہرن کے سینگ، ہرن کے سروں کی کھوپڑیاں، ٹارچ، سیاہ رنگ کی جیکٹ، مفلر، جوتے، بیگ اور تین پین ڈرائیوز ضبط کیے گئے تھے۔

Advertising

انہوں نے بتایا کہ پولیس کی جانب سے تلاش جاری ہونے کی اطلاع ملنے کے بعد ملزم حیدرآباد کے علاوہ مہاراشٹرا کے چھترپتی سمبھاجی نگر (اورنگ آباد)، ارنی اور پونے علاقوں میں روپوش رہا۔ بعد ازاں عادل آباد واپس آنے اور اپنے مکان میں موجود ہونے کی اطلاع ملنے پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اسے گرفتار کرلیا۔

 

پولیس کے مطابق ملزم کے مکان میں پرانی اشیاء کے درمیان ڈبل بیرل بندوق، گولیاں، چھریاں اور دیگر سامان موجود تھا۔ ملزم نے مبینہ طور پر پولیس کو بتایا کہ مذکورہ بندوق اس کے دادا اور دیگر بزرگ ماضی میں شکار کے لیے استعمال کیا کرتے تھے۔ بعد میں اس نے اسی بندوق کے ذریعے جنگلی جانوروں کا شکار کرکے ان کا گوشت، سینگ اور دیگر اعضاء فروخت کرنے کا منصوبہ بنایا۔

 

اس موقع پر ایس پی اکھل مہاجن نے کہا کہ جنگلی جانوروں کا شکار کرنا، ان کے اعضاء کو غیر قانونی طور پر اپنے قبضے میں رکھنا یا فروخت کرنا قانوناً سنگین جرم ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے غیر قانونی شکار میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

 

ایس پی نے مزید بتایا کہ اس معاملے میں مزید افراد کے ملوث ہونے کے امکانات کے پیش نظر تحقیقات جاری ہیں۔

 

پریس کانفرنس کے موقع پر عادل آباد ڈی ایس پی ایل. جیون ریڈی، ون ٹاؤن سرکل انسپکٹر بی. سنیل کمار کے علاوہ دیگر پولیس اہلکار موجود تھے۔