عادل آباد رمس اسپتال میں ’’گرین ویو‘‘ صفائی و شجرکاری مہم کلین • پلانٹ • انسپائر — صاف ستھرا اور سرسبز ماحول ہر شہری کی مشترکہ ذمہ داری ۔ ایڈوکیٹ ایم اے بصیر

عادل آباد رمس اسپتال میں ’’گرین ویو‘‘ صفائی و شجرکاری مہم

کلین • پلانٹ • انسپائر — صاف ستھرا اور سرسبز ماحول ہر شہری کی مشترکہ ذمہ داری ۔ ایڈوکیٹ ایم اے بصیر

عادل آباد، 7 اکتوبر (خضر یافعی/تلنگانہ وائس) عادل آباد کے رمس اسپتال میں ایڈوکیٹ ایم اے بصیر کی جانب سے ’’عادل آباد گرین ویو – کلین اینڈ گرین انڈیا‘‘ کے عنوان سے صفائی اور شجرکاری مہم کا انعقاد عمل میں آیا۔ پروگرام میں مس انڈیا ارتھ واٹر 2026 پریتی منڈے نے بحیثیت مہمانِ خصوصی شرکت کی۔

اس موقع پر ایڈیشنل راجیشور، عادل آباد بلدیہ کی چیئرپرسن بنڈاری انوشا، وائس چیئرمین محمد روہت، متعلقہ کونسلر، سیاسی و سماجی قائدین، ڈاکٹرس اور نرسنگ اسٹوڈنٹس سمیت دیگر نے شرکت کی۔

پروگرام کے دوران رمس اسپتال کے احاطے میں صفائی مہم چلائی گئی اور بعد ازاں شجرکاری انجام دی گئی۔ شرکاء نے صاف صفائی برقرار رکھنے کے ساتھ ماحول کے تحفظ اور سرسبز ماحول کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایڈوکیٹ ایم اے بصیر نے کہا کہ ’’عادل آباد گرین ویو‘‘ کا مقصد عوام میں صفائی، شجرکاری، ماحولیاتی شعور اور شہری ذمہ داری کا احساس پیدا کرنا ہے۔ صاف، سرسبز اور صحت مند شہر کی تعمیر کسی ایک فرد یا ادارے کی ذمہ داری نہیں بلکہ ہر شہری کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

Advertising

انہوں نے کہا کہ ملک کے آئین میں شہریوں کو ماحول کے تحفظ اور ملک کو خوشحال، پُرامن اور صاف ستھرا رکھنے کی ذمہ داری کا احساس دلایا گیا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے اطراف کے ماحول کو صاف رکھیں اور زیادہ سے زیادہ شجرکاری میں حصہ لیں۔

ایڈوکیٹ ایم اے بصیر نے پریتی منڈے سمیت تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔

 

مس انڈیا ارتھ واٹر 2026 پریتی منڈے نے پروگرام کے انعقاد کو سراہتے ہوئے ایڈوکیٹ ایم اے بصیر سے اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ صفائی اور ماحول کے تحفظ کے لیے عوامی سطح پر شعور بیدار کرنے کی ضرورت ہے۔ ہر فرد عملی طور پر اپنا کردار ادا کرتے ہوئے اپنے اطراف کے ماحول کو صاف اور سرسبز رکھنے میں تعاون کرے۔

 

پروگرام کا پیغام “CLEAN • PLANT • INSPIRE” یعنی ’’صفائی کریں، پودے لگائیں اور دوسروں کو ترغیب دیں‘‘ رہا۔