پولیس اہلکار ظاہر کرکے مویشیوں کی گاڑیوں سے رقم وصول کرنے کی کوشش، دو گرفتار
ایچوڑہ پولیس نے ملزمین کو گرفتار کرکے عدالتی تحویل میں روانہ کردیا
عادل آباد۔ 8/ اکتوبر(تلنگانہ وائس) مویشیوں کی منتقلی والی گاڑیوں کو روک کر خود کو پولیس اہلکار ظاہر کرتے ہوئے گاڑی مالکان اور ڈرائیوروں کو دھمکاکر رقم وصول کرنے کی کوشش کرنے والے دو افراد کو ایچوڑہ پولیس نے گرفتار کرلیا۔ ملزمین کے خلاف بی این ایس کی دفعہ 308(5) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق 7 اکتوبر کی صبح ایچوڑہ پولیس کی جانب سے شہر میں گشت کیا جارہا تھا۔ اسی دوران نرمل بائی پاس روڈ کے قریب دو افراد مشتبہ حالت میں نظر آئے۔ پولیس کو دیکھتے ہی دونوں نے فرار ہونے کی کوشش کی، تاہم پولیس اہلکاروں نے تعاقب کرکے انہیں حراست میں لے لیا۔
Advertising

تفتیش کے دوران ملزمین نے مویشیوں کی منتقلی والی گاڑیوں کو روک کر خود کو پولیس اہلکار ظاہر کرتے ہوئے ڈرائیوروں کو دھمکانے اور رقم وصول کرنے کا انکشاف کیا۔ پولیس کے مطابق ملزمین نقد رقم کے علاوہ فون پے جیسے آن لائن ذرائع سے بھی رقم وصول کرتے تھے۔ 7 اکتوبر کو بھی وہ نرمل بائی پاس کے قریب مویشیوں کی گاڑیوں کو روک کر رقم وصول کرنے کے ارادے سے پہنچے تھے۔
Advertising

گرفتار ملزمین کی شناخت محمد ذیشان قریشی عرف ابو عرف ذیشان قریشی اور شیخ عمران کی حیثیت سے ہوئی ہے۔ پولیس نے کریم نمبر 470/2026 کے تحت بی این ایس کی دفعہ 308(5) میں مقدمہ درج کرتے ہوئے دونوں کو گرفتار کیا اور عدالتی تحویل میں روانہ کردیا۔

ایچوڑہ سی آئی و ایس ایچ او وی پروین کمار نے عوام سے اپیل کی کہ اگر کوئی شخص خود کو پولیس اہلکار ظاہر کرتے ہوئے دھمکائے یا رقم کا مطالبہ کرے تو فوری طور پر قریبی پولیس اسٹیشن یا ڈائل 100 پر اطلاع دیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ پولیس اہلکار ظاہر کرکے عوام کو دھوکہ دینے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
Advertising


