بین الاقوامی یومِ دختران کے موقع پر خصوصی تقریب
طالبات کے ساتھ ڈی ایل ایس اے سیکریٹری بی۔ حسین نے کیک کاٹا
عادل آباد، 8 اکتوبر(تلنگانہ وائس) بین الاقوامی یومِ دختران کے موقع پر ضلع مستقر میں واقع سماجی بہبود کے اقامتی اسکول و کالج میں ایڈ (AID) رضاکار تنظیم کے زیرِ اہتمام خصوصی پروگرام کا انعقاد عمل میں آیا۔ اس موقع پر ضلع قانونی خدمات اتھارٹی (DLSA) کے سیکریٹری بی۔ حسین نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی اور طالبات کے ساتھ مل کر کیک کاٹا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے بی۔ حسین نے کہا کہ کم عمری میں اچھے اور برے کی تمیز نہ ہونے کے باعث بعض لڑکیاں نامعلوم افراد کی باتوں اور جھوٹے وعدوں میں آکر اپنی زندگی برباد کرلیتی ہیں۔ انہوں نے طالبات کو مشورہ دیا کہ وہ کسی کے بہکاوے میں نہ آئیں اور محنت و عزم کے ساتھ اپنی زندگی میں اعلیٰ مقام حاصل کریں۔
Advertising

انہوں نے کہا کہ مواقع سب کے لیے یکساں ہوتے ہیں، طالبات کو چاہیے کہ دستیاب مواقع سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے اپنے اہداف حاصل کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ کم عمری کی شادی قانوناً جرم ہے اور ایسی شادی کروانے والوں کو دو سال تک قید کے ساتھ ایک لاکھ روپے تک جرمانہ عائد کیا جاسکتا ہے۔
Advertising

بی۔ حسین نے طالبات سے کہا کہ اگر انہیں کسی بھی قسم کی پریشانی یا خطرے کا سامنا ہو تو فوری طور پر چائلڈ ہیلپ لائن 1098، پولیس 100 یا ایمرجنسی نمبر 112 پر اطلاع دیں۔ انہوں نے کہا کہ کم عمری کی شادی سے بچیوں کا مستقبل متاثر ہوتا ہے اور اس کے خاتمے کے لیے ہر فرد کو اپنا تعاون پیش کرنا چاہیے۔
بعد ازاں بین الاقوامی یومِ دختران کی مناسبت سے بی۔ حسین نے طالبات کے ہمراہ کیک کاٹا۔
اس پروگرام میں اسکول کی پرنسپل للتاکماری، چیف لیگل ڈیفنس کاؤنسل داسری گنگارام، ڈپٹی لیگل ڈیفنس کاؤنسل کے ارکان اروگولا اشوک، چندرکانت چودھری، امیش راؤ ڈولے، چائلڈ ہیلپ لائن کوآرڈینیٹر ستیش کمار، ڈی سی پی یو کاؤنسلر پدما، ایڈ رضاکار تنظیم کے ضلعی کوآرڈینیٹر کے۔ ونود، نیتی آیوگ چائلڈ رائٹس ایسوسی ایٹ دیوی شری، کمیونٹی موبلائزر سمپت کرن اور کے۔ شنکر سمیت دیگر نے شرکت کی۔

