زمین کی ایڈوانس رقم ہڑپ کرنے والی خاتون گرفتار، جیل روانہ

زمین کی ایڈوانس رقم ہڑپ کرنے والی خاتون گرفتار، جیل روانہ

پانچ لاکھ روپے کی دھوکہ دہی، پولیس نے مفرور خاتون کو دھر لیا

ون ٹاؤن پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج، مزید تحقیقات جاری

عوام کو دھوکہ دینے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی: ڈی ایس پی ایل جیون ریڈی

عادل آباد، 18/ جون (تلنگانہ وائس) زمین کی خرید و فروخت میں درمیانی کا کردار ادا کرتے ہوئے ایک ضعیف خاتون کی پانچ لاکھ روپے کی ایڈوانس رقم دھوکہ دہی سے ہڑپ کرنے والی خاتون کو عادل آباد ون ٹاؤن پولیس نے گرفتار کرکے عدالتی ریمانڈ پر جیل روانہ کردیا۔ اس بات کی اطلاع ڈی ایس پی ایل جیون ریڈی نے پریس کانفرنس میں دی۔

ڈی ایس پی کے مطابق ملزمہ داسری جیوتی راج (56) زوجہ دھرم راج، ساکن برنداونی کالونی، عادل آباد نے شانتی نگر کی رہنے والی بوجا لسُمبائی (80) کو اپنی باتوں میں لے کر دھوکہ دیا۔تفصیلات کے مطابق لسُمبائی اپنی تنتولی گاؤں میں واقع زمین فروخت کرنا چاہتی تھیں، جس کے لیے انہوں نے ملزمہ کی مدد حاصل کی۔ اس دوران تنتولی کے خریدار کوتھاپلی سنتوش کے ساتھ زمین کی فروخت کا معاہدہ طے پایا اور 24 جنوری 2025 کو پانچ لاکھ روپے بطور ایڈوانس ادا کیے گئے۔

Advertisment

ملزمہ نے رقم کو محفوظ رکھنے کا بہانہ کرتے ہوئے اپنے پاس رکھ لیا اور متاثرہ خاتون کو گھر بھیج دیا۔ تاہم اگلے ہی دن وہ رقم لے کر حیدرآباد فرار ہوگئی۔ متاثرہ خاتون کی جانب سے بار بار رابطہ کیے جانے کے باوجود ملزمہ مختلف بہانے بنا کر رقم واپس کرنے سے گریز کرتی رہی۔

Advertisment

حال ہی میں ملزمہ کے عادل آباد واپس آنے کی اطلاع ملنے پر ون ٹاؤن پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اسے گرفتار کرلیا۔ بعد ازاں عدالت میں پیش کرکے عدالتی ریمانڈ پر جیل منتقل کردیا گیا۔

ڈی ایس پی ایل جیون ریڈی نے بتایا کہ مقدمہ کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ عوام کو دھوکہ دے کر رقم ہڑپ کرنے والے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور کسی کو بھی بخشا نہیں جائے گا۔