عادل آباد، 19/ جون(تلنگانہ وائس) ضلع عادل آباد کو گانجا اور دیگر نشہ آور اشیاء سے پاک بنانے کے مقصد کے تحت پولیس محکمہ کی جانب سے خصوصی اقدامات جاری ہیں۔ ضلع سپرنٹنڈنٹ آف پولیس جناب اکھل مہاجن آئی پی ایس نے جمعہ کے روز عادل آباد ریلوے اسٹیشن پر اچانک تلاشی مہم چلائی اور مسافروں، مشتبہ افراد اور ان کے سامان کی باریک بینی سے جانچ کی۔
اس موقع پر مشتبہ افراد کے فنگر پرنٹس حاصل کرکے جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے ان کی جانچ بھی کی گئی۔ ایس پی اکھل مہاجن نے کہا کہ اس مہم کا بنیادی مقصد گانجا اور دیگر منشیات کی غیر قانونی نقل و حمل اور استعمال کی روک تھام ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ریلوے راستوں کے ذریعے منشیات کی اسمگلنگ کو روکنے کے لیے پولیس مسلسل نگرانی کر رہی ہے۔

تلاشی مہم میں نارکوٹکس کی خصوصی تربیت یافتہ کھوجی Dog "روما” نے بھی حصہ لیا اور مختلف مقامات و سامان کی جانچ کی۔ ایس پی نے عوام سے اپیل کی کہ اگر گانجا یا دیگر منشیات سے متعلق کوئی اطلاع ہو تو فوری طور پر ضلع پولیس کے واٹس ایپ نمبر 8712659973 پر اطلاع دیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ اطلاع دینے والے افراد کی شناخت مکمل طور پر خفیہ رکھی جائے گی۔

انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ منشیات سے دور رہتے ہوئے معاشرے کی ترقی میں اپنا مثبت کردار ادا کریں۔ اس تلاشی مہم میں عادل آباد کے ڈی ایس پی ایل جیون ریڈی، ٹاؤن سی آئی بی سنیل کمار، کے ناگا راجو، دیگر پولیس افسران، عملہ اور ریلوے سکیورٹی اہلکار شریک تھے۔

