خصوصی جامع نظرثانی (SIR-2026) کے تحت ووٹر لسٹ پر ضلع کلکٹر کاسیاسی جماعتوں کے نمائندوں کے ساتھ اجلاس

خصوصی جامع نظرثانی (SIR-2026) کے تحت ووٹر لسٹ پر ضلع کلکٹر کاسیاسی جماعتوں کے نمائندوں کے ساتھ اجلاس

ہر اہل شہری کا نام ووٹر فہرست میں شامل ہونا چاہیے “ضلع کلکٹر و ضلع الیکشن افسر آشیش سانگوان”

کاماریڈی۔22/جون (سیدکوثرعلی/تلنگانہ وائس) ریاستی الیکشن کمیشن کی ہدایات کے مطابق جاری خصوصی جامع نظرثانی (Special Intensive Revision – SIR) 2026 پروگرام کے سلسلے میں پیر کے روز ضلع کلکٹریٹ میں مختلف سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کے ساتھ ضلع کلکٹر و ضلع الیکشن افسر آشیش سانگوان نے ایک جائزہ اجلاس منعقد کیا۔

اس موقع پر ضلع کلکٹر نے کہا کہ جمہوری نظام میں حقِ رائے دہی انتہائی قیمتی ہے، اس لیے ہر اہل شہری کا نام ووٹر فہرست میں درج ہونا نہایت ضروری ہے۔ انہوں نے اس خصوصی مہم کو کامیاب بنانے کے لیے سیاسی جماعتوں اور عوامی نمائندوں سے بھرپور تعاون کی اپیل کی۔

انہوں نے بتایا کہ اس مہم کے تحت 25 جون 2026 سے 24 جولائی 2026 تک بوتھ سطح کے افسران (BLOs) گھر گھر جا کر ووٹروں میں اینومریشن فارم تقسیم کریں گے اور ان کی تفصیلات جمع کریں گے۔ ووٹروں سے کہا گیا ہے کہ وہ فارم مکمل طور پر پُر کرکے متعلقہ بی ایل او کے حوالے کریں اور اپنے اندراجات کا جائزہ لیتے ہوئے ضرورت پڑنے پر ناموں میں ترمیم، اضافہ یا حذف کے لیے درخواست دیں۔

ضلع کلکٹر نے مزید بتایا کہ 31 جولائی 2026 کو مسودہ ووٹر فہرست شائع کی جائے گی، جبکہ موصول ہونے والے اعتراضات اور درخواستوں کی جانچ کے بعد یکم اکتوبر 2026 کو حتمی ووٹر فہرست جاری کی جائے گی۔

انہوں نے سیاسی جماعتوں کے نمائندوں پر زور دیا کہ وہ نظرثانی کے عمل میں فعال کردار ادا کریں تاکہ ہر اہل ووٹر کا نام فہرست میں شامل ہو سکے۔ اس کے علاوہ انہوں نے شفاف اور مؤثر انداز میں اس عمل کو مکمل کرنے کے لیے سیاسی جماعتوں سے جلد از جلد بوتھ لیول ایجنٹس (BLAs) مقرر کرنے کی بھی اپیل کی۔

اجلاس میں ایڈیشنل کلکٹر وکٹر، آر ڈی او این وائی گیری، تحصیلدار ہیمابندو، مختلف سیاسی جماعتوں کے نمائندے اور محکمۂ انتخابات کے افسران شریک تھے