اقلیتی طلبہ کو معیاری تعلیم کی فراہمی حکومت کا اولین ہدف ۔ وزراء محمد اظہر الدین، جوپلی کرشنا راؤ
عادل آباد، 27 /جون (تلنگانہ وائس) ریاستی وزیر ضلع انچارج وزیر جوپلی کرشنا راؤ اور اقلیتی بہبود وزیر محمد اظہر الدین نے کہا ہے کہ اقلیتی طلبہ کو اعلیٰ معیار کی تعلیم کے ساتھ جدید سہولیات فراہم کرتے ہوئے انہیں ہر شعبے میں مسابقت کے قابل بنانا ریاستی حکومت کا بنیادی مقصد ہے۔

ہفتہ کے روز عادل آباد شہر کے بنگاری گوڑہ میں تقریباً 20 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر شدہ اقلیتی رہائشی اسکول و کالج (طلبہ) کی نئی عمارت کا افتتاح ریاستی وزیر برائے اقلیتی بہبود محمد اظہر الدین ،جو پلی کرشنا راو، اور حکومت تلنگانہ کے مشیر شبیر علی، ٹیمریز چیرمین فہیم قریشی،رکن پارلیمان ناگیش، رکن اسمبلی پائل شنکر،مارکیٹ کمیٹی چیرمین سریکانت ریڈی، کندی سرینواس ریڈی، سیکریٹری اقلیتی بہبود بی شفیع اللہ، ضلع کلکٹر راجرشی شاہ، ضلع اقلیتی بہبود آفیسر شیخ کلیم کے ہمراہ کیا۔ اس موقع پر وزراء نے افتتاح کیا۔
افتتاح کے بعد وزراء نے نئی عمارت کے جماعتی کمروں، ہاسٹل، طعام گاہ اور دیگر بنیادی سہولیات کا معائنہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اقلیتی طلبہ کو معیاری تعلیم کے ساتھ جدید تعلیمی و رہائشی سہولیات فراہم کرنے کو خصوصی اہمیت دے رہی ہے تاکہ وہ مستقبل میں نمایاں کامیابیاں حاصل کر سکیں۔
وزراء نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ تعلیم کو اپنا سب سے مضبوط ہتھیار بنائیں، بلند اہداف مقرر کریں اور حکومت کی فراہم کردہ تمام تعلیمی سہولیات سے بھرپور استفادہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت تعلیمی میدان میں مساوی مواقع فراہم کرنے کے لیے سنجیدہ ہے اور اقلیتی تعلیمی اداروں کو مزید مستحکم بنانے کے اقدامات مسلسل جاری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت تعلیم کے فروغ کو اولین ترجیح دیتے ہوئے اقلیتی طلبہ کے لیے محفوظ رہائش، جدید بنیادی سہولیات اور بہتر تدریسی ماحول فراہم کر رہی ہے۔ ایسے معیاری تعلیمی اداروں کے قیام سے بالخصوص دیہی علاقوں کے طلبہ کو اعلیٰ تعلیم میں نمایاں مقام حاصل کرنے کے بہتر مواقع میسر آئیں گے۔
بعد ازاں وزراء نے کالج کے احاطے میں پودے لگا کر شجرکاری مہم میں حصہ لیا اور عوام سے اپیل کی کہ ماحولیات کے تحفظ کے لیے ہر فرد زیادہ سے زیادہ پودے لگائے اور ان کی نگہداشت کو اپنی ذمہ داری سمجھے۔
اس تقریب میں رکن پارلیمنٹ جی۔ ناگیش، رکن اسمبلی پائل شنکر، میونسپل چیئرپرسن بنڈاری انوشا، ضلع کلکٹر راج رشی شاہ، ضلع سپرنٹنڈنٹ آف پولیس اکھل مہاجن، ایڈیشنل کلکٹر آر۔ ایس۔ چترو،وائس چیرمین محمد روہیت، متعلقہ کونسلر، عوامی نمائندے، سرکاری افسران، پرنسپل آصف، اساتذہ، طلبہ اور دیگر معززین نے شرکت کی۔


