وٹروں کی فہرست پر کڑی نظر رکھیں، ایک بھی اہل ووٹ ضائع نہ ہونے پائے ۔ وزیر  جوپلی کرشنا راؤ

وٹروں کی فہرست پر کڑی نظر رکھیں، ایک بھی اہل ووٹ ضائع نہ ہونے پائے ۔ وزیر  جوپلی کرشنا راؤ

عادل آباد، 27 /جون (تلنگانہ وائس) ریاستی وزیر برائے سیاحت، ثقافت و آثارِ قدیمہ اور متحدہ عادل آباد ضلع انچارج جوپلی کرشنا راؤ نے کانگریس پارٹی کے کارکنوں پر زور دیا ہے کہ وہ ووٹر لسٹ خصوصی نظرِ ثانی (SIR) مہم کو ایک چیلنج کے طور پر لیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ کسی بھی اہل شہری کا ووٹ فہرست سے خارج نہ ہونے پائے۔ انہوں نے کہا کہ ایک ووٹ کا ضائع ہونا صرف ایک فرد کا نقصان نہیں بلکہ جمہوری نظام کے لیے بھی نقصان دہ ہے۔

ہفتہ کے روز عادل آباد شہر کے تنیشا فنکشن ہال میں کانگریس پارٹی کے زیرِ اہتمام ووٹر لسٹ خصوصی نظرِ ثانی (SIR) کے موضوع پر بوتھ لیول ایجنٹس اور پارٹی کارکنوں کے لیے منعقدہ آگاہی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے جوپلی کرشنا راؤ نے کہا کہ بہار اور مغربی بنگال میں ووٹر لسٹ کی نظرِ ثانی کے دوران پیش آنے والے حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے تلنگانہ میں بھی مکمل چوکسی اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ بالخصوص نقل مکانی کرنے والے خاندانوں، درج فہرست ذاتوں (SC)، درج فہرست قبائل (ST)، پسماندہ طبقات (BC) اور اقلیتی برادری کے ووٹ فہرست سے خارج ہونے کا خدشہ رہتا ہے، اس لیے ان طبقات کے ووٹوں پر خصوصی توجہ دی جائے۔

وزیر نے ہدایت دی کہ ہر بوتھ لیول ایجنٹ اور ہر کارکن گھر گھر جا کر ووٹروں کی تفصیلات کی جانچ کرے اور اس بات کو یقینی بنائے کہ ہر اہل ووٹر کا نام انتخابی فہرست میں شامل ہو۔ انہوں نے کہا کہ ووٹ کے حق کا تحفظ گاؤں کی سطح سے ہی ممکن ہے اور اس ذمہ داری کو پارٹی کارکنان سنجیدگی سے نبھائیں۔

جوپلی کرشنا راؤ نے مزید کہا کہ ووٹر لسٹ کی نظرِ ثانی کے دوران بوتھ لیول افسران کے ساتھ قریبی رابطہ رکھا جائے تاکہ کسی بھی مسئلے کو فوری طور پر حل کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت کے تحفظ میں ہر کارکن کا فعال کردار نہایت اہم ہے۔

انہوں نے پارٹی کارکنوں کو مشورہ دیا کہ وہ کسی بھی صورت مایوسی یا بددلی کا شکار نہ ہوں۔ پارٹی کے لیے دیانت داری اور خلوص سے کام کرنے والے ہر کارکن کو مستقبل میں پارٹی عہدوں اور نامزد مناصب میں مناسب اہمیت دی جائے گی۔ انہوں نے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ پارٹی کے استحکام اور جمہوریت کے تحفظ کے لیے پوری لگن اور جذبے کے ساتھ کام کریں۔اس موقع پر ڈی سی سی صدر نریش جادھو، کندی سرینواس ریڈی، ایم ایل اے ویڈما بھوجو پٹیل، بی سریکانت ریڈی،ٹاون صدر خضر پاشاہ، کانگریس اقلیتی سیل ضلع صدر سید شاہد علی، پارٹی قائدین، کونسلرس، سرپنچ موجود تھے۔