صحافیوں کے مطالبات کی حمایت میں جانے والے ایس سی، ایس ٹی جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے ارکان نظر بند
“ایکریڈیشن اور ہیلتھ کارڈز کی فراہمی تک جدوجہد جاری رکھنے کا اعلان”
کاماریڈی۔29/جون(سیدکوثرعلی/تلنگانہ وائس)
صحافیوں کے جائز مطالبات کی حمایت میں حیدرآباد میں محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ (آئی اینڈ پی آر) کمشنر دفتر کے گھیراؤ کے لیے روانہ ہونے والے کاماریڈی ضلع ایس سی، ایس ٹی جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے عہدیداروں اور کارکنوں کو پولیس نے پیشگی طور پر ان کے گھروں میں نظر بند کرکے مختلف پولیس اسٹیشنوں منتقل کر دیا۔
اس موقع پر ایس سی، ایس ٹی جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے ریاستی نائب صدر تیڈو سائیلو نے کہا کہ حیدرآباد روانگی سے قبل ہی پولیس کا گھروں میں داخل ہو کر نظر بند کرنا انتہائی قابلِ مذمت اور غیر جمہوری اقدام ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ریاستی حکومت صحافیوں کے بنیادی حقوق کو پامال کر رہی ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ تمام اہل صحافیوں کو فوری طور پر ایکریڈیشن کارڈز اور ہیلتھ کارڈز جاری کیے جائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ جب تک ان کے جائز مطالبات تسلیم نہیں کیے جاتے، تب تک ان کی جدوجہد جاری رہے گی۔
تیڈو سائیلو نے کہا کہ ایسے اقدامات سے ایس سی، ایس ٹی جرنلسٹس ایسوسی ایشن مرعوب ہونے والی نہیں ہے اور ایس سی، ایس ٹی صحافیوں کو انصاف ملنے تک تحریک جاری رکھی جائے گی۔

اس احتجاجی پروگرام میں راجو، آشنا، بالاجی اور سنجیولو سمیت دیگر افراد نے شرکت کی

