جولائی کیلنڈر آگیا، مگر کانگریس کا جاب کیلنڈر اب تک نہیں آیا ۔ عادل آباد بی آر ایس سوشل میڈیا انچارج مظہر کا صحافتی بیان
بے روزگار نوجوانوں سے کئے گئے وعدے پورے کئے جائیں، حکومت وائٹ پیپر جاری کرے ۔ مظہر
عادل آباد۔12/جولائی( تلنگانہ وائس نیوز)بی آر ایس پارٹی ضلع عادل آباد کے سوشل میڈیا رہنما مظہر نے کانگریس حکومت پر بے روزگار نوجوانوں کو دھوکہ دینے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ اسمبلی انتخابات کے دوران ہر سال جاب کیلنڈر جاری کرنے، مختلف محکموں میں خالی آسامیوں کی نشاندہی کرکے مقررہ مدت میں بھرتیاں مکمل کرنے اور دو لاکھ سرکاری ملازمتیں فراہم کرنے کا وعدہ کیا گیا تھا، مگر اقتدار میں آنے کے بعد ان وعدوں کو فراموش کر دیا گیا۔
Advertisment

انہوں نے کہا کہ کانگریس نے نوجوانوں کے ووٹ حاصل کرنے کے لیے بڑے بڑے دعوے کیے تھے، لیکن دسمبر 2023 میں حکومت بننے کے بعد اب تک تلنگانہ پبلک سروس کمیشن (TGPSC) کے ذریعے صرف محدود تعداد میں ہی نئی ملازمتوں کے نوٹیفکیشن جاری کیے گئے ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ پہلی کابینہ میں دو لاکھ ملازمتوں کا اعلان کرنے والے قائدین اب بے روزگار نوجوانوں کو کیوں بھول گئے ہیں۔
Advertisment

مظہر نے الزام لگایا کہ حکومت نے انتخابی منشور میں دکھائے گئے واضح جاب کیلنڈر پر عمل نہیں کیا اور نہ ہی مختلف محکموں میں خالی آسامیوں کی مکمل سالانہ شیڈول جاری کی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت بے روزگار نوجوانوں سے کیے گئے وعدوں پر وائٹ پیپر جاری کرے اور یہ واضح کرے کہ ریاست کے مختلف محکموں میں کتنی آسامیاں خالی ہیں، اب تک کتنے نئے نوٹیفکیشن جاری ہوئے، کتنی تقرریاں مکمل ہوئیں اور کتنی آسامیاں اب بھی خالی ہیں۔
Advertisment

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کو فوری طور پر واضح جاب کیلنڈر جاری کرتے ہوئے باقی ماندہ خالی آسامیوں پر بھرتیوں کے لیے نوٹیفکیشن جاری کرنے چاہئیں۔ مظہر نے کہا کہ انتخابی وعدے صرف ووٹ حاصل کرنے کے لیے نہیں بلکہ انہیں پورا کرنا بھی حکومت کی ذمہ داری ہے۔

