عادل آباد ٹو ٹاؤن پولیس نے چوری کا معمہ حل کر لیا، تین ملزمان گرفتار، دو فرار

عادل آباد ٹو ٹاؤن پولیس نے چوری کا معمہ حل کر لیا، تین ملزمان گرفتار، دو فرار

عادل آباد، 12/ جولائی (تلنگانہ وائس)عادل آباد ٹو ٹاؤن پولیس نے حالیہ چوری کے ایک مقدمہ کا معمہ حل کرتے ہوئے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا، جبکہ دو ملزمان اور ایک اسکریپ تاجر تاحال مفرور ہیں۔ یہ بات ٹو ٹاؤن انسپکٹر کے ناگا راجو نے ایک صحافتی بیان میں   بتائی۔

گرفتار ملزمان میں مرزا مشرف بیگ عرف چھوٹا مشرف (21)، محمد ارشد عرف بابی (19) اور محمد عبدالوسیم (60) شامل ہیں، جبکہ کنانڈے انیل، وشنو اور اسکریپ تاجر عمران الدین کی تلاش جاری ہے۔

انسپکٹر کے مطابق مرکزی ملزم مرزا مشرف بیگ کار ڈرائیور ہے اور شراب و منشیات کا عادی ہے۔ اس نے دورانِ تفتیش اعتراف کیا کہ عیش و عشرت کے اخراجات پورے کرنے اور جلد رقم حاصل کرنے کی خاطر اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر چوریاں کیں۔

پولیس کے مطابق 9 جولائی کی نصف شب ملزمان نے تامسی بس اسٹانڈ کے قریب واقع کے کے کاٹن کمیشن ایجنٹ کی دکان کی ریکی کرنے کے بعد پچھلے حصے کا پلائی ووڈ دروازہ توڑ کر اندر داخل ہوئے اور کیش کاؤنٹر سے 18 ہزار 670 روپے نقد اور جیگوار کمپنی کے پیتل کے نل چرا لیے۔ بعد ازاں یہ سامان پٹلہ واڑہ کے ایک اسکریپ شاپ میں فروخت کر کے رقم آپس میں تقسیم کر لی۔

تحقیقات میں یہ بھی انکشاف ہوا کہ 11 جولائی کو ملزمان نے عادل آباد ریلوے اسٹیشن پر کھڑی ٹرین کے ڈیزل ٹینک کا پیتل کا ڈھکن بھی چرا لیا تھا۔ پولیس نے انہیں اس وقت گرفتار کیا جب وہ چوری شدہ ڈھکن ایک اسکریپ کی دکان پر فروخت کرنے جا رہے تھے۔

پولیس نے ملزمان کے قبضہ سے ایک سوزوکی برگ مین اسکوٹی، ریلوے ڈیزل ٹینک کا پیتل کا ڈھکن، جیگوار کمپنی کا وال مکسر (مالیتی تقریباً 15 ہزار روپے)، دو موبائل فون، 2,900 روپے نقد، ایک میفینٹرمائن انجیکشن اور چار ڈسپوزیبل سرنجیں برآمد کی ہیں۔

انسپکٹر کے ناگا راجو نے کہا کہ مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے تلاش جاری ہے اور انہیں جلد گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا جائے گا۔