کاماریڈی پولیس کی بڑی کامیابی، ایک سال میں ایک کروڑ27 لاکھ کی مالیت کے 794 گمشدہ موبائل فون برآمد
تلنگانہ وائس
کاماریڈی .15/جولائی(سید کوثر علی کی رپورٹ) کاماریڈی ضلع پولیس نے گمشدہ اور چوری شدہ موبائل فونوں کی برآمدگی میں نمایاں کامیابی حاصل کرتے ہوئے رواں سال اب تک ایک کروڑ 27 لاکھ روپے مالیت کے 794 موبائل فون برآمد کرکے متاثرین کے حوالے کیے ہیں۔ ضلع ایس پی ایم راجیش چندرا، آئی پی ایس نے بتایا کہ صرف گزشتہ 30 دنوں کے دوران 21.76 لاکھ روپے مالیت کے 136 موبائل فون برآمد کیے گئے۔
Advertising

انہوں نے کہا کہ موبائل فون گم ہونے پر پریشان ہونے کی ضرورت نہیں، کیونکہ CEIR پورٹل کے ذریعے گمشدہ فون کو ٹریک کرکے واپس حاصل کیا جا سکتا ہے۔ ان کے مطابق آج کے ڈیجیٹل دور میں موبائل فون صرف رابطے کا ذریعہ نہیں بلکہ اس میں بینکنگ معلومات، ذاتی تصاویر اور اہم ڈیٹا بھی محفوظ ہوتا ہے، اس لیے اس کی برآمدگی کو ضلع پولیس نے ترجیحی ذمہ داری بنایا ہے۔
Advertising

ایس پی نے بتایا کہ متاثرین کو فوری انصاف فراہم کرنے کے مقصد سے انسپکٹر سمپت کی نگرانی میں آر ایس آئی بالا راجو اور پانچ کانسٹبلوں پر مشتمل ایک خصوصی تکنیکی ٹیم تشکیل دی گئی ہے، جو جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ہر ماہ اوسطاً 100 سے زائد موبائل فون برآمد کر رہی ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ گزشتہ سال بھی تقریباً 3 کروڑ روپے مالیت کے 1,834 موبائل فون برآمد کرکے اصل مالکان کے حوالے کیے گئے تھے۔
اسی طرح CEIR پورٹل کے آغاز سے اب تک ضلع کاماریڈی میں 5,075 موبائل فون ٹریک کرکے تقریباً 8.12 کروڑ روپے مالیت کے فون متاثرین کو واپس کیے جا چکے ہیں۔ایس پی نے عوام سے اپیل کی کہ موبائل فون گم ہوتے ہی فوراً قریبی پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائیں، سم کارڈ بلاک کریں اور CEIR پورٹل پر IMEI نمبر بلاک کرائیں تاکہ فون کا غلط استعمال نہ ہو سکے۔ انہوں نے نامعلوم لنکس اور مشکوک کالز سے محتاط رہنے کی بھی ہدایت دی۔برآمد شدہ موبائل فون حاصل کرنے کے لیے متاثرین ضروری دستاویزات کے ساتھ ضلع پولیس دفتر سے رابطہ کریں یا آر ایس آئی بالا راجو سے فون نمبر 8712686114 پر معلومات حاصل کر سکتے ہیں.

