سدی پیٹ: کالیشورم کا پانی فراہم کرنے کے مطالبہ پر کسانوں کی عظیم پیدل ریلی ۔ ہریش راؤ کی شرکت

سدی پیٹ: کالیشورم کا پانی فراہم کرنے کے مطالبہ پر کسانوں کی عظیم پیدل ریلی ۔ ہریش راؤ کی شرکت

حیدرآباد۔19/جولائی(تلنگانہ وائس)

سدی پیٹ ضلع کے چِنّا کوڈور منڈل میں کالیشورم پروجیکٹ سے آبپاشی کا پانی فراہم کرنے کے مطالبہ پر کسانوں نے ایک بڑی پیدل ریلی نکالی، جس میں بی آر ایس کے سینئر قائد و سابق وزیر ٹی ہریش راؤ نے شرکت کرتے ہوئے کسانوں سے خطاب کیا۔

ہریش راؤ نے کہا کہ یہ صرف چِنّا کوڈور منڈل کے کسانوں کی جانب سے منعقد کی گئی ریلی ہے، جس میں کسی دوسرے منڈل کے افراد نے حصہ نہیں لیا۔ انہوں نے بتایا کہ اننت گیری اور رنگنائک ساگر ریزروائر اسی منڈل میں واقع ہیں، اس لیے مقامی کسانوں نے پانی کی فراہمی کے مطالبہ پر انہیں مدعو کیا تھا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ کالیشورم کے پانی کی عدم فراہمی کے باعث کسان شدید مشکلات کا شکار ہیں اور حکومت پر زور دیا کہ رنگنائک ساگر، ملنا ساگر اور کونڈا پوچمّا ساگر ریزروائروں کو فوری طور پر پانی سے بھرا جائے۔

Advertising

ہریش راؤ نے ریاستی حکومت اور وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے الزام عائد کیا کہ کالیشورم لفٹ اریگیشن اسکیم کے موٹروں کو جان بوجھ کر نہیں چلایا جا رہا، جس سے کسانوں کو نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت نے فوری اقدامات نہ کیے تو دیگر منڈلوں کے کسان بھی احتجاجی تحریک شروع کر سکتے ہیں۔

Advertising

سابق وزیر نے مطالبہ کیا کہ کالیشورم منصوبے کے موٹرز فوری طور پر فعال کیے جائیں تاکہ کسانوں کو آبپاشی کے لیے بروقت پانی فراہم ہو سکے۔

Advertising