عوامی خدمت، دیانت داری اور نظم و ضبط ہر پولیس اہلکار کی اولین ذمہ داری ۔ ایس پی اکھل مہاجن کی پولیس اہلکاروں کے ساتھ ویڈیو کانفرنس ۔ برسات میں چوکسی، جرائم پر سخت نگرانی اور عوامی خدمت پر زور، ضلع ایس پی کی پولیس کو اہم ہدایات

عادل آباد، 22 /جولائی(تلنگانہ وائس)

ضلع ایس پی اکھل مہاجن، آئی پی ایس نے ضلع بھر کے پولیس افسران اور اہلکاروں کے ساتھ خصوصی ویڈیو کانفرنس منعقد کرتے ہوئے ہدایت دی کہ ہر پولیس ملازم کا مقصد عوام کی خدمت اور معاشرے میں امن و امان کو مضبوط بنانا ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کے ساتھ عزت و احترام سے پیش آنا، ان کے مسائل کو سنجیدگی سے حل کرنا، اور فرائض کی انجام دہی میں جوابدہی، دیانت داری اور نظم و ضبط کو لازمی بنایا جائے۔

ایس پی نے ہدایت دی کہ برسات کے موسم میں دریاؤں، نالوں، پلوں اور دیگر حساس مقامات پر خصوصی نگرانی رکھی جائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔ انہوں نے ولیج پولیس آفیسر (VPO) نظام کو مزید مؤثر بنانے، گانجہ، گڈمبا (غیر قانونی شراب) اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف سخت کارروائی جاری رکھنے پر زور دیا۔

Advertising

انہوں نے کہا کہ رات کے وقت گشت میں اضافہ کیا جائے، مالی جرائم کی روک تھام کی جائے، اوپن ڈرنکنگ اور ڈرنک اینڈ ڈرائیو کے خلاف خصوصی مہم چلائی جائے، جبکہ ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے۔

Advertising

ایس پی نے روڈی شیٹرز، ہسٹری شیٹرز اور مشتبہ افراد پر مسلسل نظر رکھنے، دیہات کا دورہ کر کے عوام اور پولیس کے درمیان بہتر تعلقات استوار کرنے اور مجرموں کے ساتھ کسی بھی قسم کی نرمی نہ برتنے کی ہدایت دی۔

انہوں نے کہا کہ پولیس یونیفارم محکمہ کی عزت کی علامت ہے، اس لیے تمام اہلکار بہترین انداز میں یونیفارم پہنیں۔ قومی شاہراہوں پر ڈھابوں کے سامنے غیر قانونی پارکنگ روکنے اور آئندہ چھ ماہ کے دوران سڑک حادثات میں نمایاں کمی لانے کے لیے مؤثر اقدامات کرنے کی بھی ہدایت دی۔

Advertising

ایس پی نے پولیس افسران کو یہ بھی ہدایت دی کہ جہاں ممکن ہو اہلکاروں کو ہفتہ وار چھٹی فراہم کی جائے۔

ویڈیو کانفرنس میں ایڈیشنل ایس پی پی مونیکا، آئی پی ایس، اُٹنور اے ایس پی رتھوِک سائی کوٹے، آئی پی ایس، مختلف ڈی ایس پیز، انسپکٹرس، سب انسپکٹرس، ریزرو، سول ونگ اور ضلع بھر کے پولیس اہلکاروں نے شرکت کی۔