عادل آباد: کولی پورہ مسجد آمنہ سے متصل”اصلاحِ معاشرہ” کے عنوان سے عظیم الشان جلسۂ عام، علماء نے قرآن و حدیث کی روشنی میں معاشرتی برائیوں سے اجتناب کا پیغام دیا
عادل آباد، 27/ جولائی(تلنگانہ وائس)
حافظ شیخ ایان مفتاحی عزیزی کی اطلاع کے مطابق
سرزمینِ عادل آباد کولی پورہ علاقہ میں واقع مسجد آمنہ سے متصل چوتھی مرتبہ عظیم الشان جلسۂ عام بعنوان "اصلاحِ معاشرہ” نہایت کامیابی اور روحانی ماحول میں منعقد ہوا۔ اس بابرکت اجتماع میں علماء کرام، حفاظ عظام، معززینِ شہر، نوجوانوں، خواتین اور عوام الناس نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ خواتین کے لیے پردے کا باقاعدہ اور مناسب انتظام کیا گیا تھا۔
جلسے کی سرپرستی امام و خطیب مسجد آمنہ مفتی عبدالوحید مظاہری نے کی، جبکہ نظامت کے فرائض مولانا محمد قمر نے خوش اسلوبی سے انجام دیے۔ جلسے کے کنوینر و منتظم حافظ شیخ ایان مفتاحی عزیزی تھے، جن کی کاوشوں اور محلہ کے نوجوانوں کی محنت سے یہ پروگرام کامیابی سے ہمکنار ہوا۔

اس موقع پر حیدرآباد کی معروف دینی و علمی شخصیت حضرت مولانا سید بشیر اشرف حسامی دامت برکاتہم العالیہ نے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے قرآن مجید اور احادیثِ نبویؐ کی روشنی میں اصلاحِ معاشرہ، اخلاقِ حسنہ، نوجوانوں کی ذمہ داری، خاندانی نظام، موجودہ دور کی سماجی برائیوں اور فتنوں سے بچنے کی تلقین کی۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کی اصلاح کا واحد راستہ دینِ اسلام کی تعلیمات پر عمل، تقویٰ، حسنِ اخلاق اور باہمی اتحاد میں پوشیدہ ہے۔

جلسے سے مولانا سید عابد قاسمی صدر حج کمیٹی نظام آباد، مولانا حیدر صاحب نظام آباد، مولانا علی اشاعتی امام مسجد رحمانیہ شاد نگر عادل آباد اور مولانا اسلام الدین قاسمی نے بھی خطاب کرتے ہوئے اسلامی تعلیمات پر عمل، نوجوانوں کی دینی تربیت اور معاشرتی اصلاح کی ضرورت پر زور دیا۔
اجلاس کی صدارت صدر مسجد آمنہ محمد جاوید نے کی، جبکہ وارڈ صدر مجلس بابو شاہ، محمد سلیم، مجلس کے جوائنٹ سیکریٹری شکیل احمد اور محلہ کے نوجوانوں نے پروگرام کے کامیاب انعقاد میں بھرپور تعاون کیا۔

اختتام پر امتِ مسلمہ کے اتحاد، ملک و ملت کی سلامتی، امن و امان اور معاشرے کی اصلاح کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ شرکاء نے اس روحانی و اصلاحی اجتماع کو انتہائی مفید قرار دیتے ہوئے آئندہ بھی ایسے دینی و اصلاحی پروگراموں کے انعقاد کی ضرورت پر زور دیا۔
Advertising

Advertising


