عادل آباد میں 6 کوئنٹل سرکاری سبسڈی والے چاول ضبط، تین گرفتار
عادل آباد، 4 اگست(تلنگانہ وائس)عادل آباد ون ٹاؤن پولیس نے غیر قانونی طور پر سرکاری سبسڈی والے چاول مہاراشٹرا منتقل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 6 کوئنٹل چاول ضبط کر لیے۔ اس سلسلے میں چار افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا، جبکہ تین ملزمان کو گرفتار کرکے عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا۔

ون ٹاؤن انسپکٹر بی سنیل کمار کے مطابق، گاڑیوں کی معمول کی تلاشی کے دوران مقامی ایروڈروم علاقے میں ایک میکس گاڑی کو مشتبہ حالت میں روک کر تلاشی لی گئی۔ اس دوران گاڑی سے 6 کوئنٹل سرکاری سبسڈی والے چاول برآمد ہوئے، جنہیں غیر قانونی طور پر مہاراشٹرا منتقل کیا جا رہا تھا۔ پولیس نے چاول اور گاڑی دونوں کو ضبط کر لیا۔
Advertising

پولیس کے مطابق یہ گروہ عوام سے سرکاری سبسڈی والے چاول خرید کر مہاراشٹرا میں فروخت کرتے ہوئے ناجائز منافع کما رہا تھا۔ اس معاملے میں ضلع سول سپلائی آفیسر بی نندنی کی شکایت پر عادل آباد ون ٹاؤن پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کیا گیا اور تحقیقات جاری ہیں۔
Advertising

گرفتار ملزمان میں ارند کاشی ناتھ جوالے (42) ساکن جیوتی، ضلع چندر پور (فی الحال رام نگر، عادل آباد)، پنکج کشواہا (22) ساکن امبیڈکر نگر، عادل آباد، اور شیخ کبیر (30) ساکن کولی پورہ، عادل آباد شامل ہیں۔
Advertising

پولیس نے بتایا کہ اس مقدمے میں ایک اور ملزم کو بھی نامزد کیا گیا ہے، جبکہ کیس کی مزید تفتیش جاری ہے۔

