سرکاری رعایتی چاول کی غیر قانونی تجارت پر پولیس کا شکنجہ سخت، 11 مقدمات درج ۔ عادل آباد پولیس

رعایتی چاول کی غیر قانونی تجارت پر پولیس کا شکنجہ سخت، 11 مقدمات درج ۔ عادل آباد پولیس

عادل آباد، 14 /اگست (تلنگانہ وائس نیوز)

غریبوں کے حق کے سرکاری چاول پر ہاتھ صاف کرنے والوں کے خلاف عادل آباد ٹو ٹاؤن پولیس نے قانون کا شکنجہ کس دیا ہے۔ رعایتی چاول کو غیر قانونی طور پر منتقل کرکے مہاراشٹرا میں زائد قیمتوں پر فروخت کرنے والے افراد کے خلاف پولیس نے بڑے پیمانے پر کارروائی شروع کردی ہے۔

ٹو ٹاؤن انسپکٹر کے. ناگراجو نے سخت انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے غریب عوام کے لیے فراہم کیے جانے والے رعایتی چاول کی غیر قانونی خرید و فروخت، ذخیرہ اندوزی اور منتقلی میں ملوث افراد کو کسی بھی صورت بخشا نہیں جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران ٹو ٹاؤن پولیس اسٹیشن کے حدود میں رعایتی چاول کی غیر قانونی منتقلی کے 11 مقدمات درج کیے گئے، جبکہ 48 افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی۔ کارروائی کے دوران 38 کوئنٹل سرکاری رعایتی چاول ضبط کیا گیا۔

Advertising

پولیس کے مطابق رعایتی چاول کو غیر قانونی طور پر مہاراشٹرا منتقل کرکے مہنگے داموں فروخت کرنے والے عناصر پر خصوصی نظر رکھی جارہی ہے۔ اس غیر قانونی نیٹ ورک کی سرگرمیوں پر پولیس مسلسل نگرانی کررہی ہے اور مزید کارروائیوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

Advertising

راشن ڈیلروں کو بھی سخت وارننگ:

انسپکٹر ناگراجو نے واضح کیا کہ اگر تحقیقات میں کسی راشن ڈیلر کے جانب سے سرکاری رعایتی چاول غیر قانونی طور پر بلیک مارکیٹ میں فروخت کرنے کا انکشاف ہوا تو متعلقہ ڈیلر کے خلاف بھی مقدمہ درج کیا جائے گا۔ ضرورت پڑنے پر راشن ڈیلر کا لائسنس منسوخ کرنے کے لیے متعلقہ حکام کو سفارش کی جائے گی۔

Advertising

انہوں نے کہا کہ رعایتی چاول غریب عوام کا حق ہے اور اس حق پر ڈاکہ ڈالنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی جاری رہے گی۔ سرکاری چاول کی اسمگلنگ ہو یا بلیک مارکیٹ میں فروخت، کسی بھی سطح پر ملوث افراد کو قانون کے شکنجے سے بچنے نہیں دیا جائے گا۔

Advertising