عادل آباد میں موٹر سائیکل چوروں کا منظم گروہ گرفتار، 10 ملزمین حراست میں ۔ چوری کی موٹر سائیکلوں کے انجن، چیسس اور نمبر پلیٹس تبدیل کرکے فروخت کرنے کا انکشاف؛ 21 انجن، 10 نمبر پلیٹس اور بھاری مقدار میں اسپیئر پارٹس ضبط
عادل آباد، 15 اگست (تلنگانہ وائس نیوز) عادل آباد شہر اور اطراف کے علاقوں میں مسلسل دو پہیہ گاڑیوں کی چوری کرکے انہیں پرزوں میں تبدیل کر کے فروخت کرنے والے ایک منظم گروہ کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔ پولیس نے 10 ملزمین کو حراست میں لیتے ہوئے ان کے قبضے سے 6 دو پہیہ گاڑیاں، 21 انجن، چیسس، نمبر پلیٹس اور بڑی مقدار میں گاڑیوں کے اسپیئر پارٹس ضبط کیے ہیں۔
ضلع ایس پی اکھیل مہاجن، آئی پی ایس کی ہدایت پر عادل آباد ایس ڈی پی او ایل۔ جیون ریڈی کی نگرانی میں ون ٹاؤن پولیس اور سی سی ایس کی خصوصی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے ہفتہ 15 اگست کو دوپہر 12 بجے کِلا ترپلی علاقہ میں ملزمین اور گاڑیوں کے رِسیورز کو گرفتار کیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار افراد میں محمد زبیر (27)، سید کلیم (26)، سردار بن محمد (40)، محمد منان (32) اور شیباز علی (42) شامل ہیں، جبکہ چوری کی گاڑیاں خریدنے اور ان کے پرزے حاصل کرنے والے رِسیورز میں چٹیا ل سنجیو، محمد غوث، شیخ عرفان، شیخ شعیب اور شیخ لطیف شامل ہیں۔
کارروائی کے دوران پولیس نے 6 دو پہیہ گاڑیاں، 21 انجن، ایک چیسس، 10 نمبر پلیٹس، 25 موٹر سائیکل رِمز، 11 اسکوٹی رِمز، ٹائروں سمیت 41 موٹر سائیکل رِمز، ٹائروں سمیت 44 اسکوٹی رِمز، 25 سائلنسر، 20 بیٹریاں، 30 پیٹرول ٹینک اور دیگر قیمتی پرزے ضبط کیے۔

تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا کہ ملزمین چوری شدہ گاڑیوں کے انجن اور چیسس نمبر تبدیل کرنے کے ساتھ نمبر پلیٹس بھی تبدیل کرتے تھے۔ ایک حادثہ زدہ گاڑی کے انجن، چیسس اور رجسٹریشن نمبر تبدیل کرکے اسے TS-01-EP-3882 نمبر سے استعمال کرنے کا بھی انکشاف ہوا ہے۔

پولیس نے ان کے قبضے سے انجن و چیسس نمبرز تبدیل کرنے کے لیے استعمال ہونے والے الفابیٹ پنچز، نمبر پنچز، کٹر مشین، کٹر بلیڈز اور ہتھوڑے بھی برآمد کیے ہیں۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق گروہ چوری شدہ موٹر سائیکلوں کو یا تو جعلی شناخت کے ساتھ استعمال کرتا تھا یا پھر انہیں کھول کر مختلف پرزوں کی شکل میں فروخت کردیتا تھا۔
Advertising

ایس پی اکھیل مہاجن نے کہا کہ معاملے کی مزید گہرائی سے تحقیقات جاری ہیں اور چوری کی گاڑیاں خریدنے والے رِسیورز کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے عوام کو مشورہ دیا کہ موٹر سائیکلیں محفوظ مقامات پر پارک کریں اور ضروری حفاظتی اقدامات اختیار کریں۔
Advertising

اس کارروائی میں ڈی ایس پی ایل۔ جیون ریڈی، ون ٹاؤن انسپکٹر بی۔ سنیل کمار، سی سی ایس انسپکٹر پی۔ چندرشیکھر، ریزرو انسپکٹر گوپی کرشنا کے علاوہ سی سی ایس اور ون ٹاؤن پولیس کے دیگر اہلکاروں نے حصہ لیا۔

