جعلی دستاویزات کے ذریعے زمین ہتھیانے کی مبینہ کوشش
تین الگ دستاویزات تیار کرکے ملکیتی حق جتانے کا الزام، تین افراد اظہر احمد خان، سید حبیب اور سید نذیرکے خلاف مقدمہ درج
عادل آباد، 3/ اکتوبر (خضر احمد یافعی/تلنگانہ وائس) عادل آباد شہر کے بھکتاپور علاقے میں مبینہ طور پر جعلی دستاویزات تیار کرتے ہوئے زمین پر قبضہ کرنے کی کوشش کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ شکایت کی بنیاد پر عادل آباد ون ٹاؤن پولیس نے تین افراد کے خلاف مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔ ون ٹاؤن انسپکٹر بی۔ سنیل کمار نے اس معاملے کی تصدیق کی۔
شکایت کنندہ لکشمن سانکھلا کے مطابق بھکتاپور کے سروے نمبر 119 میں واقع 50 مربع گز خالی اراضی انہیں وراثت میں حاصل ہوئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سال 2012 میں رجسٹرڈ پارٹیشن ڈیڈ کے ذریعے مذکورہ اراضی پر انہیں قانونی حقوق حاصل ہوئے تھے اور تب سے وہ اس زمین کو اپنے قبضے میں رکھتے ہوئے استعمال کررہے ہیں۔
شکایت میں الزام عائد کیا گیا کہ اظہر احمد خان، سید حبیب اور سید نذیر نے مبینہ طور پر آپس میں ملی بھگت کرتے ہوئے شکایت کنندہ کی زمین سے کوئی تعلق نہ رکھنے والی دستاویزات تیار کیں اور ان کے ذریعے مذکورہ اراضی پر اپنا حق ظاہر کرنے کی کوشش کی۔
Advertising

شکایت کنندہ کے مطابق مبینہ طور پر گفٹ سیٹلمنٹ ڈیڈ، ایگریمنٹ آف سیل کم جنرل پاور آف اٹارنی اور بعد ازاں سیل ڈیڈ تیار کیے گئے۔ ان دستاویزات کی بنیاد پر زمین پر قبضہ کرنے اور شکایت کنندہ کو وہاں سے بے دخل کرنے کی کوشش کیے جانے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
Advertising

پولیس نے شکایت میں بیان کردہ الزامات کی بنیاد پر مقدمہ درج کرلیا ہے۔ پولیس کے مطابق معاملے میں پیش کیے گئے دستاویزات، زمین کی ملکیت اور حقوق، دستاویزات کی صداقت سمیت دیگر قانونی پہلوؤں کی جانچ کی جارہی ہے۔
مقدمے میں نامزد افراد:
1. اظہر احمد خان عرف محمد اظہر احمد خان، ولد ظہیر خان عرف محمد ظہیر احمد خان
2. سید حبیب، ولد سید عبدالرحیم عرف رحمان
3. سید نذیر، ولد سید عبدالرحمان
Advertising

ون ٹاؤن انسپکٹر بی۔ سنیل کمار نے کہا کہ دستاویزات کی مکمل جانچ اور تمام قانونی پہلوؤں کا جائزہ لیتے ہوئے تحقیقات جاری ہیں۔

