عادل آباد پولیس کی بڑی کارروائی، بین الریاستی چین اسنیچنگ گینگ بے نقاب تین خواتین سمیت 8 ملزمین گرفتار، 10 تولے سونا، کار اور آٹو ضبط تلنگانہ، مہاراشٹرا، چھتیس گڑھ اور کرناٹک میں وارداتیں انجام دینے کا انکشاف؛ بزرگ اور تنہا خواتین کو بناتے تھے نشانہ ضلع ایس پی اکھل مہاجن آئی پی ایس کی پریس کانفرنس

عادل آباد پولیس کی بڑی کارروائی، بین الریاستی چین اسنیچنگ گینگ بے نقاب

تین خواتین سمیت 8 ملزمین گرفتار، 10 تولے سونا، کار اور آٹو ضبط

تلنگانہ، مہاراشٹرا، چھتیس گڑھ اور کرناٹک میں وارداتیں انجام دینے کا انکشاف؛ بزرگ اور تنہا خواتین کو بناتے تھے نشانہ

ضلع ایس پی اکھل مہاجن آئی پی ایس کی پریس کانفرنس

 

عادل آباد۔ 4/نومبر (خضر احمد یافعی کی رپورٹ)

عادل آباد ضلع پولیس نے خواتین کے گلے سے طلائی چین اڑانے والی ایک بین الریاستی سارقوں کی ٹولی کو بے نقاب کرتے ہوئے تین خواتین سمیت 8 ملزمین کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے ان کے قبضے سے تقریباً 10 تولے سونا، وارداتوں میں استعمال ہونے والی کار، آٹو رکشا اور پانچ موبائل فون ضبط کرلیے۔

ضلع ایس پی اکھل مہاجن آئی پی ایس نے چہارشنبہ کے روز پولیس اے آر ہیڈ کوآرٹر میں منعقدہ پریس کانفرنس میں اس کارروائی کی تفصیلات سے واقف کروایا۔ایس پی نے بتایا کہ مہاراشٹرا کے ضلع وردھا سے تعلق رکھنے والے ملزمین نے ایک منظم گروہ تشکیل دے رکھا تھا، جو تلنگانہ، مہاراشٹرا، چھتیس گڑھ اور کرناٹک کی مختلف ریاستوں میں چین اسنیچنگ کی وارداتیں انجام دے رہا تھا۔ یہ گروہ کار اور آٹو رکشا کے ذریعے مختلف شہروں میں پہنچ کر بالخصوص بزرگ اور تنہا خواتین کو نشانہ بناتا تھا۔

Advertisment

ملزمین کا طریقۂ واردات انتہائی شاطرانه تھا۔ خواتین ملزمین آٹو میں سفر کرنے والی تنہا خواتین کو باتوں میں الجھا کر اعتماد حاصل کرتی تھیں۔ اس دوران ایک خاتون ملزمہ قے کرنے کا ڈرامہ کرتے ہوئے متاثرہ خاتون کی توجہ ہٹاتی، جبکہ دوسری خاتون منہ سے دانتوں کے ذریعے اس کے گلے سے سونے کی چین توڑ کر چرا لیتی تھی۔

اشتہار ۔۔۔۔۔۔ Adver

واردات کے بعد متاثرہ خاتون کو راستے میں اتار کر فرار ہوجاتے تھے۔

گروہ کے افراد فرضی نمبر پلیٹ والے آٹو کا استعمال کرتے تھے اور کچھ دور جانے کے بعد آٹو سے کار میں منتقل ہوجاتے تھے، جبکہ مرد ملزمین آٹو کو چلاتے ہوئے ساتھ ساتھ چلتے تھے تاکہ پولیس کو چکمہ دیا جاسکے۔

 

ضلع ایس پی اکھل مہاجن آئی پی ایس نے بتایا کہ تقریباً ایک ہفتہ قبل عادل آباد شہر میں ایک خاتون کو آٹو میں سوار کرکے اس کے گلے سے سونے کی چین اڑانے کے بعد ملزمین فرار ہوگئے تھے۔ اس کے علاوہ سال 2025 میں سری رام نومی کے موقع پر عادل آباد میں منعقدہ تقریبات کے دوران کھانے کے وقت بھی خواتین کے گلے سے سونے کی چینیں چوری کی گئی تھیں۔ قومی شاہراہ کے کنارے واقع رام مندر میں کھانے کے انتظامات کے دوران بھی اسی گروہ نے خواتین کو نشانہ بنایا تھا۔

اسی طرح 31 اکتوبر 2026 کو نرمل شہر میں دو خواتین کے گلے سے سونے کی چینیں اڑائی گئیں اور انہیں گروہ کے دو ارکان کے پاس حفاظت کے لیے رکھا گیا تھا۔مزید وارداتیں انجام دینے کے ارادے سے عادل آباد پہنچنے کے دوران پولیس نے مشتبہ افراد کو دیکھ کر فرار ہونے کی کوشش کرنے والے ملزمین کو حراست میں لے لیا۔

 

تفتیش کے دوران انہوں نے عادل آباد اور نرمل میں پیش آنے والی وارداتوں سمیت دیگر جرائم کا اعتراف کیا۔ملزمین چوری شدہ طلائی زیورات کو پگھلا کر چھوٹے ٹکڑوں میں تبدیل کردیتے تھے اور ضرورت کے مطابق تھوڑا تھوڑا فروخت کرکے حاصل ہونے والی رقم عیش و عشرت پر خرچ کرتے تھے۔

 

ایس پی کے مطابق عادل آباد اور نرمل اضلاع میں اس گروہ کے خلاف مجموعی طور پر 6 مقدمات درج ہیں، جبکہ مہاراشٹرا، چھتیس گڑھ اور کرناٹک میں بھی ان کے خلاف متعدد وارداتوں میں ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

 

گرفتار ملزمین کے نام

1. وشال ساونت پاتر (44)

2. اللہ رحیم (22)

3. سنجے عرف ایل بی سید (38)

4. لونڈے وشودیپ (40)

5. شیخ فیروز (45)

6. رنجیت پاتر (46)

7. لکشمی اجیت بوکر (30)

8. ناڈے نیشا (25)

ملزمین کا تعلق ضلع وردھا، مہاراشٹرا سے بتایا گیا ہے۔

ضبط شدہ اشیاء، 

پولیس نے ملزمین کے قبضے سے تقریباً 10 تولے سونا، جس میں 20 گرام کی ایک چین، تقریباً 10، 10 گرام کے دو طلائی ٹکڑے، 7 اور 3 گرام کے چھوٹے ٹکڑے اور نرمل میں چوری کی گئی 25.900 اور 26.500 گرام وزنی دو طلائی چینیں شامل ہیں، ضبط کیں۔

Advertisment

اس کے علاوہ وارداتوں میں استعمال ہونے والی ایک ڈسٹن کار (نمبر MH-43-AR-9529)، ایک بجاج آٹو (نمبر MH-49-E-2645)، آٹو میں رکھی گئی ایک اضافی نمبر پلیٹ (MH-32-B-8261) اور پانچ موبائل فون بھی پولیس نے ضبط کرلیے۔ضلع ایس پی اکھل مہاجن آئی پی ایس نے عوام بالخصوص تنہا سفر کرنے والی خواتین سے اپیل کی کہ مفت لفٹ دینے کے بہانے آٹو میں سوار کرنے کی کوشش کرنے والے نامعلوم افراد سے ہوشیار رہیں اور کسی پر بھی بلا تحقیق اعتماد نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ مشتبہ افراد یا گاڑیوں کی نقل و حرکت نظر آنے پر فوری طور پر پولیس کو اطلاع دیں۔ایس پی نے اس کامیاب کارروائی میں حصہ لینے والے پولیس افسران اور ملازمین کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں خصوصی طور پر مبارکباد دی اور نقد انعامات کا اعلان کیا۔اس پریس کانفرنس میں عادل آباد ڈی ایس پی ایل جیون ریڈی، ون ٹاؤن انسپکٹر بی سنیل کمار، سی سی ایس انسپکٹر چندر شیکھر، ایس آئی این ناگناتھ، پولیس ملازمین رمیش، رُکما ریڈی، ہنمنتو، نریش، جوگیندر سنگھ، اکھل، سائبر کرائم آر ایس آئی گوپی کرشنا، سائبر کرائم عملہ تریشول، انویش اور دیگر موجود تھے۔

Advertisment