عادل آباد میں دھوکہ دہی کے دو واقعات، ملازمت اور رقم دوگنی کرنے کا جھانسہ دے کر لاکھوں کی ٹھگی
موالا پولیس کی کارروائی، دو الگ الگ مقدمات درج، دو ملزمین گرفتار، دیگر تین ملزمین فرار
عادل آباد، 4 نومبر(تلنگانہ وائس) عادل آباد ضلع میں عوام کو مالی فائدے اور ملازمت کا لالچ دے کر دھوکہ دینے کے دو الگ الگ واقعات سامنے آئے ہیں۔ ایک واقعہ میں رقم تین ماہ میں دوگنی کرنے کا جھانسہ دے کر متعدد افراد سے لاکھوں روپے ہڑپ کیے گئے، جبکہ دوسرے واقعہ میں آر ٹی سی کارگو میں ملازمت دلانے کے نام پر ایک نوجوان سے ایک لاکھ روپے وصول کرکے دھوکہ دیا گیا۔ دونوں معاملات میں موالا پولیس نے مقدمات درج کرتے ہوئے دو ملزمین کو گرفتار کیا ہے، جبکہ رقم دوگنی کرنے کے معاملے میں مزید تین ملزمین فرار بتائے گئے ہیں۔
Advertisment

رقم دوگنی کرنے کا جھانسہ دے کر 16 سے زائد افراد کو نشانہ بنایا
موالا پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او بی ڈی پریم کمار کے مطابق بھگت سنگھ نگر کے رہنے والے گنیش نامی شخص نے کاماریڈی کے قریب فینانس کا کاروبار کرنے والے وجئے، ریکھا اور بالاجی سے قبل میں 15 ہزار روپے قرض حاصل کیے تھے، جس کی وہ قسطوں میں ادائیگی کررہا تھا۔ اسی دوران ملزمین نے اسے لالچ دیا کہ اگر وہ کچھ رقم لگائے تو تین ماہ بعد اسے دوگنی رقم واپس کی جائے گی۔
بتایا گیا کہ 28 جنوری کو لکشمی، وجئے، ریکھا اور بالاجی بھگت سنگھ نگر پہنچے اور گنیش سے 30 ہزار روپے حاصل کیے۔ بعد ازاں مزید 30 ہزار روپے دینے پر اسی دن ایک لاکھ روپے واپس کرنے کا یقین دلایا۔ ان کی باتوں میں آکر متاثرہ شخص نے فون پے اور گوگل پے کے ذریعے مزید 30 ہزار روپے منتقل کردیے۔
اشتہار۔ ۔۔۔۔۔Advertisment
رقم حاصل کرنے کے بعد ملزمین کھانا کھانے کا بہانہ بناکر امبیڈکر چوک کے باورچی ہوٹل پہنچے اور کھانے کے بعد انووا کار میں فرار ہوگئے۔ اس دوران وہ اپنا ویوو موبائل فون ہوٹل میں ہی بھول گئے، جس میں ملزمین کی تصاویر موجود ہونے کی بات شکایت میں بتائی گئی ہے۔
شکایت کے مطابق اسی طریقہ کار سے 16 سے زائد دیگر افراد کو بھی تقریباً چار لاکھ روپے تک دھوکہ دیا گیا، جبکہ متاثرین کو فون پر دھمکیاں بھی دی گئیں۔ اس معاملے میں موالا پولیس نے کرائم نمبر 57/2026 کے تحت بھارتیہ نیائے سنہتا کی دفعہ 318(4) بمعہ 3(5) کے تحت مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں۔
Advertisment
شاندار تقریبات کا بہترین مرکز—ڈبلیو کنوینشن ہال،اے سی، نان اے سی انکولی روڈ، عادل آباد
اس معاملے میں لکشمی، ریکھا اور بالاجی فرار ہیں، جبکہ وجئے عرف داسری راجو ولد گنگارام، عمر 31 سال، ساکن چیتنیا کالونی، بانسواڑہ، ضلع کاماریڈی کو گرفتار کیا گیا ہے۔
آر ٹی سی میں ملازمت دلانے کے نام پر ایک لاکھ روپے کی ٹھگی
دوسرے واقعہ میں عادل آباد کے کیلاش نگر سے تعلق رکھنے والے کے پون کلیان (28) کو آر ٹی سی کارگو میں ملازمت دلانے کا وعدہ کرکے ایک لاکھ روپے کی دھوکہ دہی کی گئی۔
پولیس کے مطابق ملزم گوانڈے گجانند (37) ولد گوانڈے شیام راؤ، ساکن ہنومان نگر، اندراویلی، عادل آباد ضلع، جو آر ٹی سی محکمہ میں آؤٹ سورسنگ ملازم ہے، کی متاثرہ شخص سے سابقہ واقفیت تھی۔ ملزم نے 2021 سے 2024 کے درمیان آر ٹی سی کارگو میں ملازمت دلانے کا یقین دلاتے ہوئے قسطوں میں فون پے کے ذریعے 60 ہزار روپے اور نقد 40 ہزار روپے، اس طرح جملہ ایک لاکھ روپے حاصل کیے۔
تاہم رقم وصول کرنے کے باوجود نہ تو ملازمت فراہم کی اور نہ ہی رقم واپس کی۔ متاثرہ شخص کی جانب سے بار بار رقم طلب کرنے پر ملزم ٹال مٹول کرتا رہا۔ بعد ازاں جب متاثرہ شخص رقم واپس لینے کے لیے اندراویلی میں ملزم کے گھر پہنچا تو ملزم اور اس کی بیوی نے اسے مبینہ طور پر دھمکیاں دیں، جس کے بعد وہ خوفزدہ ہوکر واپس آگیا۔
متاثرہ شخص کی شکایت پر موالا پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات کیں اور ملزم گوانڈے گجانند کو گرفتار کرتے ہوئے عدالتی تحویل میں بھیج دیا۔
پولیس کی عوام سے اپیل
موالا پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او بی ڈی پریم کمار نے عوام کو خبردار کیا کہ رقم دوگنی کرنے، کم وقت میں زیادہ منافع دینے یا سرکاری ملازمت دلانے کے وعدوں پر یقین کرکے کسی کو بھی رقم منتقل نہ کریں۔ ملازمتوں کے تقررات صرف سرکاری اور باضابطہ طریقۂ کار کے تحت ہی عمل میں آتے ہیں۔
انہوں نے اپیل کی کہ مالی یا سائبر دھوکہ دہی کا شکار ہونے پر فوری طور پر پولیس سے رجوع کریں اور آن لائن مالی دھوکہ دہی کی صورت میں 1930 ہیلپ لائن پر اطلاع دیں۔
Advertisment


