خضر پاشاہ عادل آباد ٹاؤن کانگریس صدر مقرر، ضلع صدر نریش جادھو نے تقرر نامہ حوالے کیا
حلف برداری تقریب میں کانگریس قائدین کی شرکت، مختلف گوشوں سے مبارکبادیوں کا سلسلہ
عادل آباد۔22/جون(تلنگانہ وائس)ضلع کانگریس صدر ڈاکٹر نریش جادھو نے خضر پاشاہ کو عادل آباد ٹاؤن کانگریس صدر کے عہدے پر تقرری نامہ حوالے کرتے ہوئے ان سے عہدے کا حلف لیا اور مبارکباد پیش کی۔
اس موقع پر مارکیٹ کمیٹی چیئرمین بی سریکانت ریڈی، ساجد خان، جی سجاتا سمیت دیگر کانگریس قائدین موجود تھے۔ خضر پاشاہ نے پارٹی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے عہدے کی ذمہ داریوں کو دیانت داری کے ساتھ نبھائیں گے اور پارٹی کے اعتماد پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔

انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ کانگریس پارٹی کو مزید مضبوط بنانے کے لیے تمام طبقات اور مذاہب کے افراد کو ساتھ لے کر چلیں گے اور عوامی مسائل کے حل کے لیے سرگرم کردار ادا کریں گے۔

خضر پاشاہ کی بطور ٹاؤن کانگریس صدر تقرری پر مختلف سیاسی، سماجی اور عوامی حلقوں کی جانب سے مبارکبادیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ ان کے حامیوں اور کانگریس کارکنوں نے اس تقرری پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔


