تلنگانہ کے طلبہ کے لیے اہم اطلاع ۔ اسکولوں کی تعطیلات میں توسیع

حکومتِ تلنگانہ کے اعلان کے مطابق ریاست بھر کے اسکول اب 12 جون کے بجائے 15 جون 2026 سے دوبارہ کھلیں گے۔ 

حیدرآباد۔ 7/جون (تلنگانہ وائس)

حکومتِ تلنگانہ نے ریاست بھر میں اسکولوں کے دوبارہ آغاز کی تاریخ میں تبدیلی کا اعلان کرتے ہوئے گرمائی تعطیلات میں مزید تین دن کی توسیع کردی ہے۔ پہلے تعلیمی ادارے 12 جون سے کھلنے والے تھے، تاہم تازہ فیصلے کے مطابق اب اسکول 15 جون 2026 سے دوبارہ شروع ہوں گے۔

سرکاری حکام کے مطابق 13 جون کو دوسرے ہفتہ کی تعطیل اور 14 جون کو اتوار ہونے کی وجہ سے طلبہ، اساتذہ اور والدین کی سہولت کے پیش نظر یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔


حکومت نے واضح کیا ہے کہ 13 جون کی تعطیل کے بدلے 11 جولائی 2026، جو دوسرے ہفتہ کا دن ہوگا، ورکنگ ڈے قرار دیا گیا ہے۔ اس روز ریاست بھر کے سرکاری، امدادی اور خانگی اسکول معمول کے مطابق تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھیں گے۔

اس فیصلے سے طلبہ کو تعطیلات کے مزید چند دن میسر آئیں گے جبکہ تعلیمی سال کے شیڈول میں توازن برقرار رکھنے کے لیے متبادل ورکنگ ڈے کا انتظام بھی کیا گیا ہے۔

محکمہ تعلیم کی جانب سے تمام متعلقہ اداروں کو نظرثانی شدہ شیڈول پر عمل آوری کی ہدایت جاری کردی گئی ہے۔