عادل آباد۔29/جولائی(تلنگانہ وائس)
ضلع عادل آباد کے منڈل تلامڈگو کے گاؤں روئیّاڈی سے تعلق رکھنے والی چار سالہ کمسن بچی آترم گنگامنی کے اغوا کے معاملے میں پولیس نے ایک خاتون کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ ڈی ایس پی ایل جیون ریڈی کے مطابق ملزمہ نائتم ناگو بائی پیر کے روز دوپہر تقریباً 12 بجے بچی کو اس کے والدین کی اجازت اور اطلاع کے بغیر گاؤں سے عادل آباد لے آئی اور بعد ازاں عادل آباد بس اسٹانڈ پر نامعلوم افراد کے حوالے کر دیا۔

واقعہ کی اطلاع ملنے پر بچی کے والدین نے تلاش شروع کی، تاہم سراغ نہ ملنے پر منگل کو بچی کی والدہ آترم کپلی بائی نے تلامڈگو پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی، جس کی بنیاد پر خاتون کے خلاف اغوا کا مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا۔
اشتہار۔۔۔۔۔Advertising

عادل آباد کے ڈی ایس پی ایل جیون ریڈی نے بتایا کہ رورل سرکل انسپکٹر رحیم پاشا، ایس آئی ڈی رادھیکا اور ایس آئی وشنو وردھن کی نگرانی میں تین خصوصی ٹیمیں تشکیل دے کر مختلف مقامات پر تفتیش اور تلاش جاری ہے۔ پولیس نے عادل آباد اور تامسی بس اسٹانڈ کے سی سی ٹی وی کیمروں کی جانچ کی، جس میں خاتون مذکورہ بچی کے ساتھ نظر آئی۔
Advertising

پولیس کے مطابق بچی کی عمر تقریباً چار سال ہے، وہ کولام زبان اور تھوڑی بہت تلگو بول سکتی ہے۔ بچی کی اطلاع دینے والے شخص کو نقد انعام دیا جائے گا۔
Advertising

پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی کو بچی آترم گنگامنی کے بارے میں کوئی اطلاع ملے تو فوری طور پر قریبی پولیس اسٹیشن، ڈائل 100 یا درج ذیل نمبروں پر رابطہ کریں:

ایس آئی، تلامڈگو: 8712659928
سی آئی، عادل آباد رورل: 8712659915
ڈی ایس پی، عادل آباد: 8712659914
پولیس نے شہریوں سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ بچی کو دیکھتے ہی فوری اطلاع دیں تاکہ اسے بحفاظت اس کے والدین تک پہنچایا جا سکے۔

