طلبہ کی صحت کا تحفظ ہم سب کی اولین ذمہ داری ۔ضلع کلکٹر راجَرشی شاہ

طلبہ کی صحت کا تحفظ ہم سب کی اولین ذمہ داری . ضلع کلکٹر راجَرشی شاہ

عادل آباد، 29 /جولائی( تلنگانہ وائس نیوز) ضلع کلکٹر راجَرشی شاہ نے کہا کہ طلبہ تعلیم، کھیل اور دیگر شعبوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں، اس کے لیے ان کی صحت کا تحفظ اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ انہوں نے والدین اور اساتذہ پر زور دیا کہ طلبہ کی صحت اور تعلیم پر خصوصی توجہ دیں۔کلکٹر راجَرشی شاہ نے چہارشنبہ کے روز میونسپل چیئرپرسن بنڈاری انوشا کے ہمراہ شہر کے بھکتاپور پی ایم شری سرکاری ہائی اسکول (گزٹیڈ نمبر-1) میں منعقدہ آنکھوں کے طبی کیمپ، ہیلتھ اسکول اور ون مہوتسو پروگرام میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔

اس موقع پر انہوں نے اسکول میں قائم ’ویسٹ ٹو ونڈر‘ گارڈن کا معائنہ کیا اور ناکارہ اشیاء سے خوبصورت انداز میں گارڈن تیار کرنے والے عملے کی ستائش کی۔ بعد ازاں ون مہوتسو کے تحت پودا لگایا اور اسے پانی دیا۔کلکٹر نے آنکھوں کے طبی کیمپ کا بھی معائنہ کیا اور بتایا کہ ایل وی پرساد آئی انسٹی ٹیوٹ کے تعاون سے ضلع کے سرکاری اسکولوں کے طلبہ کے لیے مفت آنکھوں کے معائنے اور ہیلتھ اسکریننگ کی جارہی ہے۔

Advertising

آنکھوں کے مسائل سے دوچار طلبہ کو مفت چشمے، طبی علاج اور ضرورت پڑنے پر سرجری کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ طلبہ کی تعلیمی ترقی کے لیے اسکول میں باقاعدہ حاضری نہایت ضروری ہے۔ رواں تعلیمی سال میں ہر طالب علم کی کم از کم 200 دن حاضری کو یقینی بنانے کے لیے والدین اور اساتذہ خصوصی توجہ دیں۔کلکٹر نے مزید بتایا کہ طلبہ کی حوصلہ افزائی کے لیے 15 اگست تک معیاری مفتلعل کپڑے سے تیار کردہ ایک جوڑی نیلے رنگ کی یونیفارم مفت فراہم کی جائے گی۔

Advertising

بارش کے موسم میں موسمی بیماریوں کی روک تھام کے لیے عوام کو ذاتی صفائی کا خاص خیال رکھنے اور ہر جمعہ ’ڈرائی ڈے‘ منانے کی ہدایت دیتے ہوئے کلکٹر نے کہا کہ پانی کو کئی دنوں تک جمع نہ ہونے دیں اور پینے کے پانی کے برتنوں کو لازماً ڈھانپ کر رکھیں۔ انہوں نے ڈینگو اور چکن گنیا جیسی بیماریوں سے بچاؤ کے لیے عوام کو چوکس رہنے کی اپیل کی۔انہوں نے بتایا کہ اسکولوں میں زیر التوا اضافی کلاس رومز کی تعمیر کا کام بھی جلد مکمل کیا جائے گا۔اس موقع پر میونسپل چیئرپرسن بنڈاری انوشا نے کہا کہ اسکول ایک عبادت گاہ کی مانند ہے اور اساتذہ کا احترام ہر طالب علم کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے گرو پورنیما کے موقع پر اساتذہ اور طلبہ کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اسکولوں میں حکومت کی جانب سے جدید سہولیات فراہم کی جارہی ہیں، طلبہ اور والدین ان سہولیات سے بھرپور استفادہ کریں۔ بارش کے موسم میں اسکول کے احاطے کو صاف ستھرا رکھنے کے لیے بھی انہوں نے اساتذہ کو ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔

Advertising

نوٹ۔ ہمارے گھر پر ہر اتوار کو مفت تشخیص و علاج بھی کیا جاتا ہے۔

اس پروگرام میں ضلع تعلیمی افسر مادھوی، ضلع میڈیکل اینڈ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر سادھنا، وارڈ کونسلر کلالا سرینواس، ہیڈ مسٹریس نیل دیوی، ایل وی پرساد آئی انسٹی ٹیوٹ کے کوآرڈینیٹرس وینکٹ رمنا اور رنجیت کے علاوہ اساتذہ اور طلبہ نے شرکت کی۔