اغوا کی گئی چار سالہ بچی 6 گھنٹے میں بازیاب، والدین کے حوالے
عادل آباد۔29/جولائی(تلنگانہ وائس)
عادل آباد ضلع پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے اغوا کی گئی چار سالہ بچی کو صرف 6 گھنٹے کے اندر بحفاظت بازیاب کرکے والدین کے حوالے کردیا۔ پولیس نے بچی کے اغوا کے الزام میں ایک خاتون سمیت دو خواتین کو گرفتار کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق تعلقہ تلامڈگو منڈل کے رُویاڈی گاؤں کی چار سالہ بچی آترم گنگامنی 28 جولائی کو لاپتہ ہوگئی تھی۔ بچی کی والدہ آترم کپلی بائی نے شام 5 بجے تلامڈگو پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی، جس پر پولیس نے فوری طور پر اغوا کا مقدمہ درج کرتے ہوئے تفتیش شروع کردی۔
Advertising
The Best Management Software for Madrasas, Schools, Colleges & NGOs
مدارس اسکولس کالجس اور رفاہی فلاحی اداروں کے لیے بہترین سوفٹویئر

ضلع ایس پی اکھل مہاجن آئی پی ایس کی ہدایت پر عادل آباد ڈی ایس پی ایل. جیون ریڈی کی نگرانی میں رورل سی آئی رحیم پاشا، رورل ایس آئی وشنو وردھن اور تلامڈگو ایس آئی ڈی. رادھیکا پر مشتمل خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئیں۔
Advertising

پولیس ٹیموں نے عادل آباد، تامسی اور دیگر علاقوں میں بڑے پیمانے پر تلاشی مہم چلائی۔ بس اسٹانڈ، اہم چوراہوں اور سڑکوں پر نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کا جائزہ لیتے ہوئے تکنیکی شواہد کی بنیاد پر تحقیقات آگے بڑھائی گئیں۔
Advertising

پولیس کی مسلسل کوششوں کے نتیجے میں گزشتہ رات تقریباً 11 بجے عادل آباد کے مہالکشمی واڑہ میں بچی کی موجودگی کا پتہ چلا اور اسے بحفاظت بازیاب کرلیا گیا۔
Advertising

بعد ازاں چہارشنبہ کی صبح پولیس کے مرکزی دفتر میں ضلع ایس پی اکھل مہاجن نے بچی کو اس کے والدین آترم جنگو اور آترم کپلی بائی کے حوالے کیا۔

بیٹی کی بحفاظت واپسی پر والدین جذباتی ہوگئے اور ضلع پولیس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کی فوری کارروائی کے باعث ان کی بیٹی انہیں واپس مل سکی۔ انہوں نے پولیس افسران اور عملے کے لیے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ زندگی بھر پولیس کے احسان مند رہیں گے۔

پولیس کے مطابق بچی کو مبینہ طور پر رُویاڈی کی رہنے والی نیتھم ناگوبائی اہل خانہ کو اطلاع دیے بغیر عادل آباد لائی اور بس اسٹانڈ کے قریب اپنی جان پہچان کی گمّڈی وار بھارتی (25) کے حوالے کردیا تھا۔
ایس پی نے بتایا کہ بچی کو اغوا کرنے کے الزام میں نیتھم ناگوبائی اور غیر قانونی طور پر بچی کو اپنے پاس رکھنے والی بھارتی کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
اس موقع پر ایس پی اکھل مہاجن نے کہا کہ بچوں کی سلامتی کے معاملے میں کسی بھی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ کوئی بچہ لاپتہ ہوجائے یا کسی مشتبہ صورتحال کا علم ہو تو فوری طور پر قریبی پولیس اسٹیشن یا ڈائل 100 پر اطلاع دیں۔
بچی کی بازیابی میں اہم کردار ادا کرنے والے رورل سی آئی رحیم پاشا، ایس آئی رادھیکا، ایس آئی وشنو وردھن اور پولیس اہلکاروں لالو، منوج، سرینواس، ساگر، سنتوش، مونیکا، گنگارام، نریش، شیوا کرشنا اور پرتاپ کی ایس پی نے خصوصی طور پر ستائش کی۔
اس موقع پر عادل آباد ڈی ایس پی ایل. جیون ریڈی، تلامڈگو ایس آئی رادھیکا، بچی کے والدین، گاؤں کے افراد اور پولیس عملہ موجود تھا۔

