نرمل میں اردو آنگن واڑی مراکز کے قیام اور فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ کے اجرا کا مطالبہ
نرمل، 4/ اگست(تلنگانہ وائس)مجلس اتحاد المسلمین نرمل کے ایک وفد نے صدر مجلس نرمل و مجلسی نمائندہ بلدیہ محمد مجاہد علی کی قیادت میں ضلع کلکٹر بھاویش مشرا سے عوامی شکایتی پروگرام (پراجا دربار) کے دوران ملاقات کی اور مختلف عوامی مسائل پر مشتمل ایک یادداشت پیش کی۔

وفد نے ضلع میں آنگن واڑی مراکز میں خالی آنگن واڑی ٹیچرز اور آیا کی جائیدادوں پر فوری بھرتیوں کے لیے نوٹیفکیشن جاری کرنے کا مطالبہ کیا۔ ساتھ ہی وزیر اعظم کے 15 نکاتی پروگرام کے تحت مسلم اکثریتی علاقوں میں اردو آنگن واڑی مراکز قائم کرنے کی درخواست کی، تاکہ مسلم بچوں کو مادری زبان اردو میں ابتدائی تعلیم میسر آئے اور اردو اساتذہ کو روزگار کے مواقع حاصل ہوں۔
Advertising

مجلسی قائدین نے رکن پارلیمان حیدرآباد بیرسٹر اسد الدین اویسی کی نمائندگی پر حکومت کی جانب سے جی او ایم ایس نمبر 172 کے تحت فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ جاری کرنے کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے ضلع نرمل میں بھی اس عمل کو فوری طور پر نافذ کرنے کا مطالبہ کیا۔
Advertising

وفد نے کلکٹر کو بتایا کہ ضلع کے می سیوا مراکز میں تقریباً 3,500 فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ کی درخواستیں زیر التوا ہیں، جنہیں جلد از جلد منظور کر کے سرٹیفکیٹس جاری کیے جائیں۔

ضلع کلکٹر بھاویش مشرا نے متعلقہ حکام کو زیر التوا درخواستوں پر فوری کارروائی کی ہدایت دی اور وفد کو یقین دلایا کہ ضلع میں اردو آنگن واڑی مراکز کے قیام کے مطالبے پر بھی مثبت غور کیا جائے گا۔
Advertising

وفد میں معتمد مجلس سید مظہر احمد، سابق مجلسی کونسلر رفیع احمد قریشی، سید چاند پاشاہ، محمد شعیب، جنید خان اور دیگر کارکنان شریک تھے۔
Advertising


