ملازمت دلانے کے نام پر دھوکہ دہی، جونیئر اسسٹنٹ مقید احمد کے خلاف مقدمہ ۔ عادل آباد پولیس

ملازمت دلانے کے نام پر دھوکہ دہی، جونیئر اسسٹنٹ مقید احمد کے خلاف مقدمہ

عادل آباد، 10/ اگست(تلنگانہ وائس)

ملازمت دلانے کا جھانسہ دے کر ایک خاتون سمیت سات افراد سے لاکھوں روپے وصول کرنے کے الزام میں عادل آباد ضلع مرکزی دفترِ ایم ای او میں بطور جونیئر اسسٹنٹ خدمات انجام دینے والے مقید احمد عرف مقید حامد (45) کے خلاف عادل آباد ٹو ٹاؤن پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے۔ یہ بات ٹو ٹاؤن انسپکٹر کے ناگراجو نے بتائی۔

پولیس کے مطابق 16 دسمبر 2024 کو کنٹریکٹ ملازمتوں کے لیے انٹرویو میں شرکت کرنے والی انکولی گاؤں کی گگّیلا لاونیا سے ملزم نے تعارف حاصل کیا۔ اس نے مہاتما جیوتی با پھولے ہاسٹل میں وارڈن یا کسی دوسرے محکمہ میں ملازمت دلانے کا وعدہ کرتے ہوئے ایک لاکھ روپے کا مطالبہ کیا۔

اس پر لاونیا نے اپنے ماموں کے ہمراہ ایم ای او دفتر کے سامنے ملزم کو 45 ہزار روپے ادا کیے۔ تاہم ملازمت نہ ملنے کے بعد ملزم رقم واپس کرنے کے بجائے ٹال مٹول کرتا رہا۔ رقم واپس نہ ملنے پر لاونیا نے ٹو ٹاؤن پولیس سے شکایت کی، جس پر مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کی گئیں۔

تحقیقات کے دوران پولیس کو معلوم ہوا کہ ملزم نے مبینہ طور پر سات افراد سے مجموعی طور پر تقریباً 5.90 لاکھ روپے وصول کیے ہیں۔ متاثرین میں سنتوش سے 50 ہزار، راماکانت سے 95 ہزار، گلاب سنگھ سے 10 ہزار، گیانیشور سے 40 ہزار، نارائن ریڈی سے 50 ہزار، وحید ٹیلر سے 30 ہزار اور عتیق سے 3 لاکھ روپے وصول کیے جانے کی شکایات سامنے آئیں۔

Advertising

ٹو ٹاؤن ایس ایچ او کے ناگراجو نے بتایا کہ واقعہ کے سلسلے میں مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات جاری ہیں۔ انہوں نے عوام کو مشورہ دیا کہ ملازمت دلانے کے نام پر کسی بھی شخص کی جانب سے رقم طلب کیے جانے پر اعتماد نہ کریں اور رقم ادا نہ کریں۔ ایسی دھوکہ دہی کا شکار ہونے کی صورت میں فوری طور پر پولیس سے شکایت کی جائے۔

Advertising

Advertising