عادل آباد ۔ بیرونِ ملک ملازمت کے نام پر دھوکہ دہی، تین گرفتار

عادل آباد ۔ بیرونِ ملک ملازمت کے نام پر دھوکہ دہی، تین گرفتار

عادل آباد، 14 اگست(تلنگانہ وائس نیوز) بیرونِ ملک ملازمت دلانے کے نام پر رقم وصول کرکے دھوکہ دہی کرنے والے تین افراد کو ماول پولیس نے گرفتار کرلیا، جبکہ ایک خاتون ملزمہ فرار ہے۔ عادل آباد ڈی ایس پی ایل. جیون ریڈی نے بتایا کہ بیرونِ ملک ملازمت کے نام پر عوام کو دھوکہ دینے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

موالا منڈل کے کیلاش نگر سے تعلق رکھنے والی چٹی پاور لاونیا نے پولیس سے شکایت کی کہ ملزمین محمد خواجہ معین الدین، گورے میاں اور شیخ یاسمین سلطانہ نے اس کے بھائی راہول کو بیرونِ ملک ملازمت دلانے کا وعدہ کیا تھا۔ ملازمت کے لئے 7 لاکھ روپے طلب کیے گئے، جس پر اعتماد کرتے ہوئے اس نے 3 لاکھ روپے ادا کیے۔

بعد ازاں ملزمین نے ملازمت کے معاملہ میں ٹال مٹول شروع کردی اور رقم کی واپسی کے لیے پرومسری نوٹ اور چیکس دیے۔ رقم واپس طلب کرنے پر مبینہ طور پر دھمکیاں بھی دی گئیں۔

Advertising

شکایت کی بنیاد پر موالا سی آئی بی ڈی پریم کمار کی نگرانی میں مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کی گئیں۔ تحقیقات کے دوران A1 محمد خواجہ معین الدین (28)، A2 گورے میاں (62) اور A4 بالے سرینواس (47) کو جمعرات کے روز گرفتار کرلیا گیا، جبکہ A3 شیخ یاسمین عرف یاسمین سلطانہ فرار ہے۔

Advertising

پولیس تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ ملزمین بیرونِ ملک ملازمت دلانے کا جھانسہ دے کر رقم وصول کرتے، ملازمت فراہم کیے بغیر ٹال مٹول کرتے اور رقم واپس کرنے کے بجائے چیکس و پرومسری نوٹس دے کر معاملہ کو طول دیتے تھے۔ پولیس اس بات کی بھی تحقیقات کررہی ہے کہ آیا ملزمین نے اسی طریقہ سے مزید افراد کو بھی دھوکہ دیا ہے یا نہیں۔

Advertising

ڈی ایس پی ایل. جیون ریڈی نے عوام کو مشورہ دیا کہ بیرونِ ملک ملازمت، ویزا یا سفر کے معاملات میں نامعلوم افراد پر بھروسہ کرتے ہوئے پیشگی رقم ادا نہ کریں۔ متعلقہ اداروں اور ایجنسیوں کی مکمل جانچ پڑتال کے بعد ہی کوئی معاملہ طے کیا جائے۔

Advertising

انہوں نے کہا کہ اگر کوئی شخص ملازمت دلانے کے نام پر مشتبہ طور پر رقم کا مطالبہ کرے تو فوری طور پر قریبی پولیس اسٹیشن کو اطلاع دیں۔ دھوکہ دہی کا شکار افراد خوفزدہ ہوئے بغیر پولیس سے رجوع کریں، شکایت کی بنیاد پر قانونی کارروائی کی جائے گی۔ بیرونِ ملک ملازمت کے نام پر دھوکہ دہی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔