دینی مدارس کے طلباء میں کھیلوں کے جذبہ کو فروغ دینے کی خوبصورت پہل ۔ عادل آباد کے دارالعلوم محمدیہ بھکتاپور کا پہلا محمدیہ کرکٹ ٹورنامنٹ، شاہین الیون نے تین میچوں کے مقابلے کے بعد کپ اپنے نام کرلیا

دینی مدارس کے طلباء میں کھیلوں کے جذبہ کو فروغ دینے کی خوبصورت پہل

عادل آباد کے دارالعلوم محمدیہ بھکتاپور کا پہلا محمدیہ کرکٹ ٹورنامنٹ، شاہین الیون نے تین میچوں کے مقابلے کے بعد کپ اپنے نام کرلیا

عادل آباد۔13/اگست (تلنگانہ وائس نیوز) دینی تعلیم کے ساتھ طلباء میں صحت مند سرگرمیوں، کھیلوں کے جذبہ، باہمی تعاون، نظم و ضبط اور مثبت مسابقت کو فروغ دینے کے مقصد سے دارالعلوم محمدیہ، بھکتاپور عادل آباد کی جانب سے پہلی مرتبہ محمدیہ کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد چاندہ گراؤنڈ میں کیا گیا۔ ٹورنامنٹ میں دارالعلوم محمدیہ کے اساتذہ اور طلباء نے جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا۔

ٹورنامنٹ میں محمدیہ کرکٹ الیون اور شاہین الیون کے درمیان دلچسپ مقابلہ ہوا۔ تین میچوں پر مشتمل اس مقابلے میں کھلاڑیوں نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کیا۔ سنسنی خیز مقابلے کے بعد شاہین الیون نے کامیابی حاصل کرتے ہوئے محمدیہ کرکٹ کپ اپنے نام کرلیا۔

اختتامی تقریب میں دارالعلوم محمدیہ کے معتمد محمد شاہد احمد توکل، ناظم و صدر مدرس مولانا شیخ احمد رمضانی، نائب صدر سید شاہد علی، نائب معتمد مسعود خان پٹیل، رکن امجد خان، ایڈووکیٹ سمیر اللہ خان، سابق کوآپشن ممبر محمد عزیز اور دیگر علماء کرام نے فاتح ٹیم کے کپتان عمر بن دستگیر کو محمدیہ کرکٹ کپ سے نوازا، جبکہ رنر اپ ٹیم کے کپتان عمر بن جابر کو بھی ان کی بہترین کارکردگی پر کپ سے سرفراز کیا گیا۔ مین آف دی میچ کا اعزاز مفتی سہیل ممتاز قاسمی کو حاصل ہوا۔

اس موقع پر مقررین نے کہا کہ دینی مدارس میں طلباء کی تعلیمی و دینی تربیت کے ساتھ جسمانی صحت اور مثبت کھیلوں کی سرگرمیاں بھی انتہائی اہم ہیں۔ کھیل طلباء میں ہمت، حوصلہ، نظم و ضبط، ٹیم ورک، برداشت اور کامیابی کے لیے مسلسل جدوجہد کا جذبہ پیدا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کامیابی صرف جیت کا نام نہیں بلکہ محنت، کوشش اور کھیل کے میدان میں مثبت رویے کا نام بھی ہے۔

ٹورنامنٹ کے کنوینر حافظ و قاری محمد سرتاج احمد اشاعتی تھے، جبکہ سرپرستی صدر مدرس دارالعلوم محمدیہ مولانا شیخ احمد رمضانی اور نگرانی معتمد محمد شاہد احمد توکل نے کی۔

اشتہار۔۔۔۔۔Advertising 

میچ میں ایمپائر کے فرائض محمد ارباز اور مولانا قاری عمر نے انجام دیے، جبکہ مولانا سعد مصباحی اور مفتی عرفان نے اپنی دلچسپ کمنٹری کے ذریعے مقابلے کو مزید پُرجوش اور یادگار بنایا۔

Advertising

ٹورنامنٹ میں مفتی عثمان، حافظ محمد منظور احمد، حافظ کاظم پاشاہ، مولانا محسن، حافظ عبدالعزیز، حافظ شیخ نذیر،مولانا محمد قمر، حافظ عبدالاحد، مولانا عبدالقادر جیلانی، مولانا الیاس حسن مظاہری، مفتی سہیل ممتاز قاسمی، حافظ سرتاج اشاعتی، حافظ عمر مربی، حافظ جعفر، مولانا اکبر اور مولانا فاروق نائب مربی سمیت شہر کے علماء و حفاظ کرام اور طلباء کی کثیر تعداد موجود تھی۔

اشتہار۔۔۔۔۔Advertising 

دارالعلوم محمدیہ کی جانب سے منعقدہ یہ پہلا کرکٹ ٹورنامنٹ نہ صرف ایک کھیل کا مقابلہ رہا بلکہ طلباء میں ہمت، خود اعتمادی، بھائی چارہ اور مثبت سرگرمیوں کو فروغ دینے کی ایک قابلِ تحسین کوشش ثابت ہوا۔  یہ پیغام بھی دیا کہ دینی تعلیم کے ساتھ صحت مند کھیل اور تعمیری سرگرمیاں نوجوان نسل کی شخصیت سازی میں اہم کردار ادا کرسکتی ہیں۔

Advertising

اسکول ، کالج ، این جی اوز اور دینی مدارس کے لئے بہترین سافٹوئیر