رمس سوپر اسپیشالیٹی اسپتال کے شعبۂ کارڈیالوجی کے ڈاکٹر زکریہ کو بہترین خدمات پر” بیسٹ ڈاکٹر ایوارڈ "سے نوازا گیا

ڈاکٹر زکریہ کو بیسٹ ڈاکٹر ایوارڈ سے نوازا گیا

عادل آباد، 15 اگست (تلنگانہ وائس) رمس سوپر اسپیشالیٹی اسپتال کے شعبۂ کارڈیالوجی میں اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، فرض شناسی اور مریضوں کے تئیں بہترین خدمات کے اعتراف میں ڈاکٹر زکریہ کو بیسٹ ڈاکٹر ایوارڈ سے نوازا گیا۔ یومِ آزادی کے موقع پر عادل آباد پولیس پریڈ گراؤنڈ میں منعقدہ باوقار تقریب میں ریاستی حکومتی مشیر محمد علی شبیر نے ڈاکٹر زکریہ کو یہ اعزاز پیش کیا۔

ڈاکٹر زکریہ کو یہ ایوارڈ رمس ڈائریکٹر ڈاکٹر جئے سنگھ راتھوڑ کی سفارش پر دیا گیا۔ شعبۂ صحت میں ان کی مخلصانہ خدمات، ذمہ داری کے ساتھ فرائض کی انجام دہی، مریضوں کے ساتھ ہمدردانہ رویے اور بہترین پیشہ ورانہ کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں اس اعزاز کا مستحق قرار دیا گیا۔

تقریب میں ضلع کلکٹر راجرشی شاہ، ضلع ایس پی اکھل مہاجن آئی پی ایس، رمس ڈائریکٹر ڈاکٹر جئے سنگھ راتھوڑ سمیت دیگر اعلیٰ عہدیدار موجود تھے۔

ڈاکٹر زکریہ کو بیسٹ ڈاکٹر ایوارڈ سے سرفراز کیے جانے پر ساتھی ڈاکٹرس، طبی عملہ، دوست و احباب اور رشتہ داروں نے مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کی مزید کامیابی، ترقی اور شعبۂ صحت میں اسی جذبۂ خدمت کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں انجام دینے کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ ڈاکٹر زکریہ کی یہ کامیابی نہ صرف ان کی ذاتی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا اعتراف ہے بلکہ رمس سوپر اسپیشالیٹی اسپتال کے لیے بھی باعثِ افتخار ہے۔

Advertising