عادل آباد میں "صفابیت المال شاخ کے زیر اہتمام” خواتین کے لئے سیرت النبیؐ کانفرنسوں کا کامیاب انعقاد
شہر کے مختلف علاقوں میں محلہ واری سطح پر خواتین کے اجتماعات، علماء کرام کے سیرت النبیؐ پر مؤثر خطابات، 5 ستمبر کو اختتامی جلسہ
عادل آباد، 4/ ستمبر (تلنگانہ وائس ڈیسک) صدر صفا بیت المال شاخ عادل آباد مولانا سید مبشر احمد رشیدی کی اطلاع کے بموجب صفا بیت المال شاخ عادل آباد کے زیر اہتمام اور منبر و محراب فاؤنڈیشن انڈیا کی نگرانی میں ماہ ربیع المنور کے موقع پر خواتین میں سیرت النبیؐ سے بیداری پیدا کرنے کے مقصد سے شہر عادل آباد کے مختلف علاقوں میں محلہ واری سطح پر "سیرت النبیؐ کانفرنس” کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔

اس سلسلہ میں مدرسہ حفصہ للبنات شانتی نگر، مدرسہ خدیجۃ الکبریٰ للبنات سندریہ نگر، بنگاری گوڑہ، مدرسہ مدینہ للبنات ڈالڈا کمپنی، مسجد نورانی مہالکشمی واڑہ، مسجد منی گاندھی نگر، مسجد عثمانیہ ریلوے گیٹ، مدرسہ سمیہ للبنات خانہ پور، مسجد نگینہ ٹاٹی گوڑہ، نزد مسجد حنفیہ کرانتی نگر، مدرسہ فاطمہ نسواں سمیت شہر کے دیگر علاقوں میں پردے کے مکمل اہتمام کے ساتھ خواتین کے اجتماعات منعقد کیے گئے۔

ان اجتماعات میں علماء کرام اور مفتیان عظام نے سیرت النبی حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم کے مختلف گوشوں پر قرآن و حدیث کی روشنی میں مؤثر خطابات کیے۔ خواتین اور طالبات کی کثیر تعداد نے اجتماعات میں شرکت کرتے ہوئے علماء کرام کے بیانات سے استفادہ کیا۔

مولانا سید مبشر احمد رشیدی نے بتایا کہ ان اجتماعات کے اختتام کے طور پر 5 ستمبر 2026 بروز ہفتہ، بعد نمازِ ظہر تا شام 4 بجے بمقام مکان عبدالمتین، نزد مسجد حسن، شانتی نگر، عادل آباد میں عظیم الشان خواتین کا خصوصی اجتماع بعنوان "خواتینِ اسلام کی ذمہ داریاں، سیرتِ رسولؐ کے آئینے میں” منعقد کیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ اس خصوصی اجتماع سے حیدرآباد کے معروف عالم دین مفتی سید سلمان قاسمی خطاب کریں گے۔ اس موقع پر عوام سے بالخصوص خواتین سے اپیل کی گئی ہے کہ اپنی خواتین کو اس اہم دینی و اصلاحی اجتماع میں شرکت کے لئے ضرور روانہ کریں۔
Advertising


