سائبر جرائم اور منشیات کے خلاف طلبہ میں شعور بیداری
370 طلبہ کی شرکت، ’’Say No to Drugs, Yes to Life‘‘ کا حلف
عادل آباد، 5/ ستمبر (تلنگانہ وائس) عادل آباد شہر میں سائبر جرائم اور منشیات کے بڑھتے ہوئے رجحان کے خلاف طلبہ میں شعور بیدار کرنے کے مقصد سے پی ایم شری گورنمنٹ ہائی اسکول میں خصوصی آگاہی پروگرام کا انعقاد عمل میں آیا، جس میں تقریباً 370 طلبہ نے شرکت کی۔

پروگرام میں ضلع قانونی خدمات اتھارٹی (DLSA) کے سکریٹری بی۔ حسین نے بحیثیت مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر پینل ایڈوکیٹ افروز احمد، اسکول کی پرنسپل نسیم شریف، ریٹائرڈ پرنسپل عروسہ نکہت، تدریسی عملہ اور سماجی کارکن حسین بھائی موجود تھے۔

پینل ایڈوکیٹ افروز احمد نے طلبہ کو سائبر جرائم، سائبر بُلنگ، آن لائن گیمنگ فراڈ، جعلی انسٹاگرام اور واٹس ایپ لنکس، لون ایپس اور OTP فراڈ کے بارے میں تفصیلی معلومات فراہم کیں۔ انہوں نے طلبہ کو خبردار کیا کہ آن لائن سرگرمیوں کے دوران احتیاط برتیں اور اپنی ذاتی معلومات، پاس ورڈز یا OTP کسی کے ساتھ شیئر نہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ سائبر فراڈ کا شکار ہونے کی صورت میں فوری طور پر 1930 سائبر کرائم ہیلپ لائن پر شکایت درج کرائی جائے یا سرکاری ویب سائٹ cybercrime.gov.in سے رجوع کیا جائے۔ ہنگامی صورتحال میں 112 پر رابطہ کرنے کی بھی ہدایت دی گئی۔ طالبات کو خصوصی طور پر آن لائن تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرتے وقت احتیاط برتنے اور اپنے قانونی حقوق و تحفظات سے واقف رہنے کا مشورہ دیا گیا۔
Advertising

اس موقع پر ڈی ایل ایس اے سکریٹری بی۔ حسین نے منشیات اور گانجا کے استعمال کے نقصانات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ بری صحبت اور سوشل میڈیا کے منفی اثرات کے باعث نوجوان نسل نشے کی طرف راغب ہورہی ہے، جس کے صحت، تعلیم اور خاندانی زندگی پر تباہ کن اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ انہوں نے طلبہ کو این ڈی پی ایس ایکٹ 1985 کے تحت منشیات سے متعلق جرائم میں موجود سخت قانونی سزاؤں سے بھی واقف کرایا۔

بعد ازاں ڈی ایل ایس اے سکریٹری بی۔ حسین نائک نے اسکول کا دورہ کرتے ہوئے Visitable Garden، Advanced Electronic Equipment Lab اور Beautician Vocational Course Rooms کا معائنہ کیا۔ انہوں نے اسکول کی جانب سے ماحولیات کے تحفظ، ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کے فروغ اور طلبہ کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے چلائے جانے والے ہنرمندی پر مبنی پروگراموں کی ستائش کی۔
پروگرام کے اختتام پر تمام 370 طلبہ نے ’’Say No to Drugs, Yes to Life‘‘ کا حلف لیا اور منشیات سے مکمل طور پر دور رہنے کے عزم کا اظہار کیا۔
Telanganavoice.in
Advertising & News
8919329620

