سگریٹ شاپ میں سرقہ، راجستھان سے تعلق رکھنے والے 5 بین ریاستی سارق گرفتار
دکان کے تالے توڑ کر 5.35 لاکھ روپے مالیتی سگریٹ کے باکس چوری، 60 ہزار نقد، کار، موبائل فون اور سبل برآمد
عادل آباد، 5 /ستمبر (تلنگانہ وائس)
عادل آباد شہر کے امبیڈکر چوک علاقہ میں "کرم ٹریڈرس” سگریٹ شاپ میں سرقہ کی واردات انجام دینے والے راجستھان سے تعلق رکھنے والے بین ریاستی سارقوں کے پانچ رکنی گروہ کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔ ضلع ایس پی اکھل مہاجن، آئی پی ایس نے بتایا کہ ملزمین نے پہلے دکان کی ریکی کی اور رات کے وقت سبل کی مدد سے دکان کے تالے توڑ کر اندر داخل ہوئے۔
ضلع ایس پی اکھل مہاجن آئی پی ایس نے ون ٹاون پولیس اسٹیشن میں منعقدہ پریس کانفرنس میں صحافیوں کو بتایا کہ ملزمین نے دکان سے مختلف اقسام کے سگریٹ کے باکس اور کاؤنٹر میں موجود نقد رقم سرقہ کی۔ سرقہ شدہ سگریٹ کی مجموعی مالیت تقریباً 5.35 لاکھ روپے بتائی گئی ہے۔ ملزمین نے چوری شدہ سگریٹ میں سے کچھ باکس حیدرآباد کے پٹن چیرو میں اپنے ایک واقف کار کو فروخت کیے اور حاصل شدہ رقم آپس میں تقسیم کرلی۔

بعد ازاں باقی سگریٹ کے باکس فروخت کرنے اور عادل آباد میں ایک اور سرقہ کی واردات انجام دینے کے ارادے سے ملزمین دوبارہ عادل آباد پہنچے۔ پولیس کو ان کی سرگرمیوں پر شبہ ہوا اور سگریٹ کے باکس فروخت کرتے وقت انہیں پکڑنے کی کوشش کی گئی۔ ملزمین نے فرار ہونے کی کوشش کی، تاہم پولیس نے تعاقب کرکے انہیں گرفتار کرلیا۔ پوچھ تاچھ کے دوران ملزمین نے سگریٹ شاپ میں سرقہ کا اعتراف کیا۔

گرفتار ملزمین کی شناخت کماؤت بندارام (38)، کماؤت گھنشیام (42)، کماؤت مانک چند (35)، کماؤت لکشمن (45) ساکنان جیتارام، ضلع پالی، راجستھان، اور تیج پال سنگھ (28)، ساکن پٹن چیرو، حیدرآباد کے طور پر کی گئی ہے۔
Advertising

برآمد شدہ سامان میں امریکن سگریٹس کے 27 سیٹ، کنگ سائز گولڈ کے 10، لائٹ گولڈ فلیک کے 11، اسمال گولڈ فلیک کے 14، برسٹل کے 14، کلاسک ملز ریڈ کا ایک، اولڈ ایڈیشن کے 21، آئس بسٹ کے 2، کنیکٹ کا ایک اور سلک سگریٹس کا ایک سیٹ شامل ہے۔
Advertising

اس کے علاوہ 60 ہزار روپے نقد، ماروتی ویگن آر کار، چار موبائل فون اور ایک سبل اور شٹر کا ہینڈل بھی پولیس نے ضبط کیا۔
Advertising

پولیس کی تفتیش میں یہ بھی انکشاف ہوا کہ ملزمین نے ماضی میں مہاراشٹرا کے چھترپتی سمبھاجی نگر۔حیدرآباد ہائی وے کے قریب ایک پان ڈبہ کا تالہ توڑ کر نقد رقم بھی چوری کی تھی۔ پولیس کے مطابق ملزمین آسانی سے رقم کمانے کے مقصد سے ساتھیوں کے ساتھ مل کر مختلف ریاستوں میں چوری کی وارداتیں انجام دے رہے تھے اور ان کے خلاف سابق میں 7 بین ریاستی مقدمات درج ہیں۔

ایس پی اکھل مہاجن نے بتایا کہ اس معاملہ میں تقریباً 80 فیصد مسروقہ مال برآمد کرلیا گیا ہے۔ کارروائی میں عادل آباد ڈی ایس پی ایل۔ جیون ریڈی، ون ٹاؤن انسپکٹر بی۔ سنیل کمار، سی سی ایس سی آئی چندر شیکھر،ایس آئیز ناگناتھ، اشوک اور دیگر پولیس اہلکاروں نے حصہ لیا۔

